لیبیا نے السدرہ آئل پورٹ پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے امریکی کمپنی سے رابطہ کر لیا

منگل 30 دسمبر 2014 16:58

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 30دسمبر 2014ء) لیبیا کی حکومت نے السدرہ آئل پورٹ پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لئے ایک امریکی کمپنی سے رابطہ کیا ہے جو چھ ملین ڈالرز فیس لے کر بندرگاہ میں کئی دنوں سے لگی آگ بجھانے میں مدد کرے گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس امر کا انکشاف حکومتی ترجمان محمد بزازغہ نے اہم عہدیداروں کے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد کیا۔

(جاری ہے)

حکومتی ترجمان کے مطابق امریکی کمپنی آئل پورٹ سے آگ بجھانے کی مد میں چھ ملین ڈالر مالیت فیس وصول کرے گی۔ ترجمان نے کمپنی کا نام بتانے سے گریز کرتے صرف اتنا بتانے پر اکتفا کیا کہ منظوری کے پانچ دنوں کے اندر آگ بجھانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔لیبیا کی سب سے بڑی آئل پورٹ گذشتہ کئی دنوں سے مسلسل آگ کی لپیٹ میں ہے۔ یہ آگ ملک میں تیل کی اہم تنصیبات پر قبضے کے لئے کوشاں دو الگ الگ حکومتوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں بھڑکی۔لیبیا میں تیل کی پیداوار اس آتشزدگی کے باعث مزید کم ہو گئی ہے جس کے باعث ملک کے ڈالرز کے ذخائر پر دبا بڑھ گیا ہے۔