Live Updates

قبائل محب وطن ہیں، ملک کی سلامتی واستحکام کیلئے ہمیشہ گرانقدر قربانیاں دی ہیں،اسدقیصر،

دہشت گردی معاشرے کو گھن کی طرح چاٹ رہی ہے جو ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے، عمران خان قبائلی علاقوں میں بلدیاتی نظام کے نفاذ ،قبائل کو پولیٹیکل ایجنٹ ،کمشنر کے فیصلوں پر ہائیکورٹ میں اپیل کا حق دینے میں پوری طرح سنجیدہ ہیں ، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

منگل 30 دسمبر 2014 16:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 30دسمبر 2014ء) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ قبائل محب وطن ہیں اور انہوں نے ملک کی سلامتی واستحکام کے لئے ہمیشہ گرانقدر قربانیاں دی ہیں وہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے عمائدین و اکابرین کے ایک کثیر رکنی وفد سے خطاب کررہے تھے وفد میں اوروں کے علاوہ ملک گل نعیم خان ، ملک جلال وزیرستان ، ملک فخرعالم خان، ملک عبدالمالک خان ، ملک خالد احمد خان اور ملک شاہد خان بھی شامل تھے۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ قبائل ملک کے دفاع میں شروع سے اہم کردار ادا کررہے ہیں اور ان کا کردار اس لحاظ سے کلیدی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام راسخ العقیدہ مسلمان اور ملک کے دفاع کے ضامن ہیں جن کے اہم کردار کو کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے موثر اور ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی معاشرے کو گھن کی طرح چاٹ رہی ہے جو کہ ہم سب کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہ سانحہ پشاور نے پوری دنیا کو ہلاکر رکھ دیا ہے اور اس نے ہر آنکھ کو پرنم اور ہر دل کو دکھی کردیا ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور ایک قومی سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے سب سے پہلے آئی ڈی پیز کا مسئلہ پوری شدت سے اٹھایا انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آئی ڈی پیز کی مشکلات و مسائل کا بخوبی احساس ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان آئی ڈی پیز کی اپنے علاقوں کوجلد اور فوری واپسی کے خواہاں ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ آئی ڈی پیز باعزت طریقے سے اپنے اپنے علاقوں کو واپس جائیں انہوں نے کہاکہ عمران خان قبائلی علاقوں میں بلدیاتی نظام کے نفاذ اور قبائل کو پولیٹیکل ایجنٹ اور کمشنر کے فیصلوں پر ہائی کورٹ میں اپیل کا حق دینے میں پوری طرح سنجیدہ ہیں اور اس بارے میں فیصلے زیر غور ہیں ۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ قبائل نے پہلے کی طرح اس بار بھی پاکستان کے استحکام کے لئے اپنے علاقوں سے ہجرت کرکے ایک بار پھر قربانی دی جس کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ انہیں آئی ڈی پیز کی مشکلات و مسائل کا بخوبی احساس ہے انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے مسائل ان کے مسائل ہیں جن کو انہوں نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے انہوں نے کہا کہ وہ آئی ڈی پیز کو درپیش مسائل سے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کریں گے انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ڈی پیز کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت اپنے تمامتر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

قبل ازیں قبائلی زعماء اور عمائدین نے سپیکر اسد قیصر کو آئی ڈی پیز کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا جن کو سپیکر اسد قیصرنے پوری عمدردی اور غور سے سنا اس موقع پر شمالی وزیرستان کے اکابرین و عمائدین نے واضح کیا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں انہوں نے حال ہی میں رونما ہونے والے دلخراش سانحہ پشاور کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قتل عام میں ملوث انسان اور مسلمان کہلانے کے مستحق نہیں اور قبائل اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے آئی ڈی پیز کے لئے آواز اٹھانے اور ان کے مسائل حل کرنے میں عمران خان کی کاؤشوں کی تعریف کی اور کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی کی کاؤشوں سے آئی ڈی پیز کے پیشتر مسائل حل ہوئے ۔

درایں اثناء یونیسف کے نمائندوں نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی اور انہیں صوبے میں یونیسف کی سرگرمیوں سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات