وزیراعلی کی ہدایت کی روشنی میں ملٹری فارمز کے مزارعین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں‘ ملک ندیم کامران

منگل 30 دسمبر 2014 16:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 30دسمبر 2014ء) صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے کمشنرز صاحبان کو ملٹری فارمز کے مزارعین کو درپیش مسائل میں انتہائی سنجیدگی سے کام لینے اور ایک ہفتہ کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے،وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اس مسئلہ کے مستقل بنیادوں پر حل کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، مقررہ مدت میں سروے رپورٹ پیش نہ کرنے والے اور مسائل کے حل میں رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات بورڈ آف ریونیو کے کمیٹی روم میں صوبہ کے مختلف فارموں کے مزارعین کے مسائل کے حل کے لئے بلائے گئے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف، ممبر کالونیز، کمشنر ساہیوال ڈویژن و ملتان ڈویژن ، ڈی پی اوساہیوال ، ملتان اور اوکاڑہ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف کو ہدایت کی کہ وہ تفصیلی سروے رپورٹس کے لئے آج ہی کمشنر صاحبان کو چھٹی ارسال کریں تاکہ آمدہ رپورٹ کی روشنی میں مربوط حکمت عملی طے کرکے فیصلہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی صورت زمین کے اصل حقداروں کو ان کے حق سے محروم نہیں کرے گی۔ملک ندیم کامران نے کہا کہ کمشنر صاحبان کے ساتھ ساتھ پاک فوج، سیڈ کارپوریشن ، محکمہ زراعت اور لائیوسٹاک کے اعلی افسران کو بھی مراسلے بھیجے جائیں اور ان فارموں کے سلسلہ میں ان کا موقف بھی معلوم کیا جاسکے۔انہوں نے ان محکموں اور اداروں سے قریبی رابطہ رکھنے کے لئے سیکرٹری کالونیز کو فوکل پرسن مقرر کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ مزارعین کے مسائل کے حل کے لئے ڈیٹا جمع کرکے تمام متعلقہ محکموں کی آراء اور موقف جاننے کے بعد اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔