میلبرن ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا،

شان مارش نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن ایک رن کی کمی سے پہلی ٹیسٹ سنچری نہ بنا سکے

منگل 30 دسمبر 2014 14:26

میلبرن ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا،

میلبورن( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 30دسمبر 2014ء ) میلبرن میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن 384 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت چھ وکٹوں پر 174 رنز بنا کر میچ بچانے میں کامیاب ہو گیا۔بھارت کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 19 رنز پر گر گئی تھیں لیکن اس موقعے پر پہلے اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی وراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے نے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے 85 رنز جوڑے۔

تاہم کوہلی کے 54 رنز بنا کر آوٴٹ ہونے اور دو مزید وکٹیں جلدی جلدی گر جانے کے بعد آسٹریلیا کو ایک بار پھر میچ میں واپس آنے کا موقع مل گیا۔تاہم اس کے بعد کپتان مہندر سنگھ دھونی اور رام چندرن ایشون آسٹریلیا کے سامنے آڑے آ گئے اور میچ کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہیں گری۔آسٹریلیا نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی کیچ چھوڑے جس کی بدولت بھارت میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

بھارت کو دوسری اننگز کے آغاز میں ہی تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب آسٹریلیا کے تیز گیند بازوں نے دونوں اوپنروں مرلی وجے اور شیکھر دھون اور ون ڈاوٴن پر آنے والے لوکیش راہل کو پویلیئن کی راہ دکھا دی۔پہلے شیکھر دھون بغیر کوئی رن بنائے رائن ہیرس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو اگلے ہی اوور میں مچل جانسن نے راہل کو کیچ کروا کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلوائی۔

اس کے بعد مرلی وجے ہیزل وڈ کا نشانہ بن گئے۔اس کے بعد کوہلی 54، رہانے 48 اور پجارا 21 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل جانسن، ہیزل وڈ اور رائن ہیرس نے دو دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔منگل کو کھیل خراب موسم کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا اور کھانے کے وقفے سے قبل آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔

پانچویں دن شان مارش اور رائن ہیرس نے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی اور توقعات کے برعکس سست روی سے بلے بازی کی اور سکور 303 رنز تک پہنچا دیا۔اس موقع پر محمد شامی نے ہیرس کو آوٴٹ کر کے بھارت کو آٹھویں کامیابی دلوائی۔مچل جانسن کی تیز گیندوں کا راہول کے پاس کوئی جواب نہ تھا
آسٹریلیا کو نواں نقصان 317 کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب شان مارش 99 رنز بنانے کے بعد اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے کی کوشش میں رن آوٴٹ ہوگئے۔

سکور میں مزید ایک رن کے اضافے کے بعد آسٹریلوی کپتان نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارت کو فتح کے لیے درکار 384 رنز بنانے کے لیے 70 اوورز دستیاب ہیں۔آسٹریلیا نے اس میچ میں پہلی اننگز میں سٹیون سمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت 530 رنز بنائے تھے۔ سمتھ آٹھ رنز کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے لیکن انھوں نے اپنی ٹیم کے اس بڑے سکور تک پہنچنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سٹیون سمتھ پہلے آسٹریلوی کپتان ہیں جنھوں نے بطور کپتان اپنے پہلے دونوں میچوں میں سنچری سکور کی ہے۔انھیں مائیکل کلارک کے ان فٹ ہو جانے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں کپتان مقرر کیاگیا تھا۔آسٹریلیا کے 530 رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم چوتھے دن کھیل کے ابتدائی سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 465 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی تھی اور یوں آسٹریلیا کو 68 رنز کی اہم سبقت ملی تھی۔

بھارتی اننگز کی خاص بات کپتان ویراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے کی سنچریاں تھیں۔ کوہلی نے 169 جبکہ رہانے نے 147 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ ان دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 262 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔یہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ ہے اور آسٹریلیا کو اس سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :