تعلقہ میرپور بٹھورو میں ترقیاتی کام نہ کرانے کے خلا ف احتجاجی مظاہرہ

منگل 30 دسمبر 2014 14:21

میرپور بٹھورو (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 30دسمبر 2014ء) تعلقہ میرپور بٹھورو میں ترقیاتی کام نہ کرانے اور تعلقہ کونسل کی ایک کروڑ 45 لاکھ روپے کے بجٹ ہڑپ کرنے اور ٹی ایم او بٹھورو کو ہٹانے کیلئے پ پ تعلقہ بٹھورو کے صدر کی قیادت میں صوفی شاہ عنایت پریس کلب بٹھورو میں احتجاجی مظاہرہ‘ 30 دسمبر کو ٹی ایم او بٹھورو کو ہٹانے کیلئے ضلع ہیڈ کوارٹر سجاول میں احتجاج کیا جائے گا‘ داؤد سومرو۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی تعلقہ میرپور بٹھورو کی جانب سے تعلقہ کے شہروں یں ترقیاتی کام نہ کرانے اور کرپٹ ٹی ایم او ملک واصف کو ہٹانے کیلئے پ پ تعلقہ بٹھورو کے صدر داؤد سومرو‘ پ پ سٹی بٹھورو کے صدر عبدالغفور میمن‘ پ پ سٹی دڑو کے صدر محمد کچھی‘ پ پ یوسی مہر شاہ کے صدر خدا بخش ڈیتھو‘ پ پ یوسی بنوں کے صدر اعجاز سومرو‘ یوسی لائقپور کے عبدالقیوم منگسی‘ کاشف خواجہ کی قیادت میں نیشنل فٹبال چوک سے صوفی شاہ عنایت پریس کلب تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے ٹی ایم او بٹھورو ملک واصف کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ تعلقہ کونسل بٹھورو کا ماہوار ایک کروڑ 45 لاکھ روپے بجٹ ہے جس میں سے دو سالوں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا گیا ہے اور کرپٹ ٹی ایم او بٹھورو تنخواہوں کے سوا جھوٹے واؤچر بناکر ہڑپ کر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم او ملک واصف کے خلاف ضلع ہیڈ کوارٹر سجاول میں 30 دسمبر کو دھرنا لگایا جائے گا۔