صوبہ پنجاب میں بیروزگاری کوکم کرنے کیلئے نوجوان نسل ہنر سیکھے‘ عرفان قیصر شیخ،

صنعتی و زرعی ترقی کا دارومدار ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی پر ہے‘ چیئر پرسن ٹیوٹا کا خطاب

منگل 30 دسمبر 2014 14:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 30دسمبر 2014ء) چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں بیروزگاری کو کم کرنے کیلئے نوجوان نسل ہنر سیکھے کیونکہ ہنرمند بننے کے بعد انہیں روزگار کے یقینی مواقع میسر ہوں گے، موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق عام تعلیم کی بجائے فنی تعلیم و تربیت سیکھنا بہت ضروری ہے کیونکہ ہنر سیکھنے والا نوجوان کبھی بے روزگار نہیں رہ سکتا ،پاکستان کی صنعتی و زرعی ترقی کا دارومدار بھی ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی پر ہے۔

مڈل اور میٹرک پاس بچے اور بچیوں کو اپنے مستقبل سنوارنے کا علم ہو نا چائیے، اگر ہم ٹیکسٹائل ‘ زراعت اور مین پاور ایکسپورٹ کے ذریعے پاکستان کیلئے اربو ں ڈالر کما رہے ہیں تو اسکی بنیادی وجہ یہاں ہنر مند افراد کی تیاری ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے 15جنوری سے شروع کئے جانے والے مختصر دورانیہ کے کورسز کے حوالے سے جائزہ کار اجلاس میں ٹیوٹا افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر ٹیوٹا افسران موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا شارٹ کورسز انڈسٹری کی مشاورت سے شروع کئے جا رہے ہیں ۔بیروزگار نوجوان نسل ہنر مند بننے کیلئے ٹیوٹا اداروں میں داخلہ لے ۔مختصر دورانیہ کے کورسز میں ٹریننگ حاصل کر نے کے بعدجب فارغ ہو تو انکے پاس ہنر ہواور انہیں فوری روزگار مل سکے۔

رواں مالی سال کے دوران حکومت پنجاب نے اپنے محدود وسائل کے باجود ٹیو ٹاکو خصوصی فنڈز جاری کئے ہیں تاکہ نئے کورسز کے اجراء کے ساتھ ساتھ دور جدیدکے تقاضوں کے مطابق اداروں کی تعمیر ، لیبارٹریز میں آلات کی فراہمی سے لیکر قابل روزگار ٹریڈز میں جدید خطوط پر تربیت دی جا سکے۔ چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ اور صنعتی و معاشی ترقی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ٹیوٹا لوکل اور انٹرنیشنل کمپنیوں کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ علاوہ ازیں برطانوی سٹی اینڈ گلڈز انٹرنیشنل کے جدید کورسز بھی ہمارے اداروں جاری ہیں ۔ اس طرح ہماری انڈسٹری کو نہ صرف عالمی معیار کی ماہر افرادی قوت دستیاب ہو گی بلکہ تربیت یافتہ افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :