حکومت ترجیحی بنیادوں پربجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے کام کررہی ہے، عابد شیر علی،

2015ء عوام کیلئے خوشخبری کاسال ہوگا۔چین اور ترکی کیساتھ ہونیوالے معاہدوں سے توانائی بحران میں کمی ممکن ہوگی ۔ وفدسے ملاقات

منگل 30 دسمبر 2014 13:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 30دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پربجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے کام کررہی ہے انشاء اللہ 2015ء عوام کیلئے خوشخبری کاسال ہوگا۔چین اور ترکی کیساتھ ہونیوالے معاہدوں سے توانائی بحران میں کمی ممکن ہوگی جس کا فائدہ عوام کو بہت جلد پہنچنا شروع ہوجائیگا۔

انسا نیت کی بقاء کیلئے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی وقت کی ضرورت ہے پوری قوم وزیراعظم میاں نوازشریف اور پاک فوج اور آرمی چیف راحیل شریف کیساتھ ہے ہم انہیں خراج تحسین کرتے ہیں ۔ پاک فوج ملک بھر سے دہشتگردوں کا صفایا کر کے دم لیں گے ‘تاکہ ملک میں امن و امان قائم ہوسکے اور ملک دوبارہ خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایم پی اے میاں طاہر جمیل کی قیادت میں حلقہ پی پی69 یونین کونسل241کے رہنماؤں میاں شہزاد ‘ عطاء محی الدین‘ رائے عامر افضال‘شیخ امجد رزاق کے وفدسے خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وفد نے عابدشیر علی کو حلقہ کے مسائل اور عوامی مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا۔

ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے بتایا کہ شدید سردی کے موسم میں بجلی کی لوڈشیڈنگ تو پہلے تھی مگر اب گیس بندش نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں جس کیلئے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے جس پر وفاقی وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت عوام کے مسائل سے آگاہ ہے ہنگامی بنیادوں پرکام ہورہا ہے انشاء اللہ آئندہ سال بہتری آئیگی انہوں نے کہا کہ حلقہ عوام کے مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے ‘ تعمیروترقی کے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے ۔