ملازمتوں کیلئے مہاجرین کے کوٹہ پر سو فیصد عملدرآمدیقینی بنایاجائیگا ‘ طاہر کھوکھر،

مختلف محکمہ جات میں بیوروکریسی مہاجرین کے کوٹہ پر عملدرآمد نہیں کررہی جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں

منگل 30 دسمبر 2014 13:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 30دسمبر 2014ء)ایم کیوایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمدطاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ ملازمتوں کیلئے مہاجرین کے کوٹہ پر سو فیصد عملدرآمدیقینی بنایاجائیگا ‘ بیوروکریسی مہاجرین کو نظراندازکرنے کی پالیسی ترک کرے ورنہ ان کامحاسبہ کیاجائے گا‘ کسی کو مہاجرین کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مہاجرین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مختلف محکمہ جات میں بیوروکریسی مہاجرین کے کوٹہ پر عملدرآمد نہیں کررہی جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں اگر بیوروکریسی نے اپنا قبلہ درست نہ کیاتو محاسبہ کیا جائے گا ‘ ایک سیکورٹی گارڈ کی طرح مہاجرین کے حقوق کا تحفظ کروں گا اور کسی کو مہاجرین کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی خواہ وہ کتنا ہی طاقتور ہو‘ اس کاتعلق حکومت سے ہو ‘اپوزیشن سے یا بیوروکریسی سے ‘ مہاجرین مطمئن رہیں ایم کیوایم ہر قیمت اور ان کے حقوق کا تحفظ کرے گی ۔

(جاری ہے)

طاہرکھو کھر نے کہا کہ مہاجرین کیلئے مختص کوٹہ پامال کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن اور مجرم ہیں مہاجرین نے مہاجرین نے اپنے گھر بار‘ جائیدادیں سب کچھ پاکستان کی ترقی ‘استحکام اور خوشحالی کیلئے قربان کیا ہے کشمیری اور پاکستانی قوم ان کی اس قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ا ن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جلد ہی آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کرپاکستان کا حصہ بنے گا ہم مہاجرین کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

انہوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ ہمارے محسن ہیں۔ مہاجرین کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے کسی کے دوست نہیں او ر وہ دشمن کے ایجنڈا پر کارفرماہو کر ملک کی بنیادیں کھوکھلی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم ‘ برقیات ‘ لوکل گورنمنٹ ‘ سروسز اور دیگر محکمہ جات میں مہاجرین کو ان کاحق نہیں دیاجارہا ہے اور ان کے بچوں کیلئے مختص کوٹہ کو پامال کیاجارہاہے اس میں بیوروکریسی ملوث ہے جواپنے عزیزوں کونوازنے کیلئے مہاجرین کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ‘ سرکاری ملازمتوں او روسائل پر صرف بیوروکریسی کا حق نہیں بلکہ آئین کے تحت تمام شہریوں کاحق ہے اور آئین کے تحت اگر مختلف اضلاع اور مہاجرین کیلئے کوٹہ مختص کیاگیاہے تو اس پر عملدرآمد ناگزیرہے بصورت دیگر خرابیاں پیدا ہوں گی ۔

طاہرکھوکھر نے کہاکہ حکومتی پالیسیوں اور بیوروکریسی کے بے حسی اور کرپشن کے باعث مہاجرین میں مایوسی پائی جاتی ہے جس کاازالہ کیاجانا ضروری ہے اس کیلئے وزیراعظم اور کابینہ کو ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے انہوں نے مہاجرین کیمپوں میں ناکافی سہولیات اور آبادکاری میں تاخیر کو بھی شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت اور بیوروکریسی مہاجرین کولاوارث نہ سمجھے ‘ آئندہ کسی نے مہاجرین کے حقوق پامال کرنے کی کوشش کی تو ہمارے ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچیں گے جس کی ذمہ داری حکومت پرعائد ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے حقوق پامال کرنے کا مقصد تحریک آزادی کو کمزور کرنا ہے اور ایم کیو ایم ایسی ہر سازش کا ڈٹ کرمقابلہ کرے گی ۔آزادکشمیر اور پاکستان مہاجرین کاگھر ہے اور انہیں تمام سہولیات فراہم جائیں جو آئین پاکستان کے تحت ایک عام شہری کو حاصل ہیں -طاہرکھوکھر نے کہا کہ ایم کیوایم نے ہمیشہ قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں مہاجرین کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور قائد تحریک الطاف حسین مہاجرین کشمیر سے خصوصی محبت اور ہمدردی رکھتے ہیں ہمارے دل مہاجرین بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ایم کیو ایم اپنی قومی او رملی ذمہ داریوں نبھاتے ہوئے مہاجرین کشمیر کے حقوق کا ہر قیمت او ر ہر فورم پر تحفظ کرے گی۔