سید بازل علی نقوی اور میاں عبدالوحید نے تتڑیال چمبہ چار کلومیٹر سڑک کا افتتاح کر دیا،

بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا پرچم تھام کر انکے نظریات پر چلنے والے سیاسی میدان میں کبھی ہار نہیں سکتے‘وزیر اطلاعات، چمبہ کے لوگ باشعور،غیرت مند اور بیدار لوگ ہیں۔ا نہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی سے وفا کی ہے‘وزیر تعلیم سکولز

منگل 30 دسمبر 2014 13:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 30دسمبر 2014ء) وزیر اطلاعات، زراعت ولائیوسٹاک سید بازل علی نقوی اوروزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید نے تتڑیال چمبہ چار کلومیٹر سڑک کا افتتاح کر دیا۔ یونین کونسل پنجگراں کے علاقے چمبہ میں وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی اور وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید کے اعزاز میں ایک بڑے استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔

لوگوں کی بڑی تعداد نے چمبہ پہنچنے پر وزراء حکومت کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پرمنشی شیر زمان (سابق ممبر یونین کونسل) فیاض چغتائی ، غلام حیدر ، تیمور خان ، تنویر خان ، قاری سجاد ، ضمیر خان ، سرور حسین ، غلی اصغیر خان اور مشرف خان نے مسلم کانفرنس اور ن لیگ چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اور سید بازل علی نقوی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے 2کلومیٹر سڑک جبکہ وزیر تعلیم سکولز نے گرلز پرائمری سکول چمبہ کی عمارت کی ایراء سیرا کے ذریعے تعمیر مکمل کرانے اور مڈل سکول کی عمارت بنانے کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی اور وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا پرچم تھام کر انکے نظریات پر چلنے والے سیاسی میدان میں کبھی ہار نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ چمبہ کے لوگ باشعور،غیرت مند اور بیدار لوگ ہیں۔ا نہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی سے وفا کی ہے۔ اسی لیے یہاں پر ترقیاتی منصوبے شروع ہیں۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ومنظم رہیں تاکہ ترقی کا یہ سفر جاری رہے۔سید بازل علی نقوی نے کہا پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور پسے ہوئے طبقات کی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال کے اندر حلقہ دو کو ترقی کا محور بنا دیا ہے۔

وزیر تعلیم گواہ ہیں کہ اس وقت جتنا ترقیاتی کام حلقہ دو میں جاری ہے آزادکشمیر کے کسی علاقے میں اتنا ترقیاتی کام نہیں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بٹناڑہ ویلی کو 14کلومیٹر سڑک دی،کنڈر کو 17کلومیٹر سڑک دی ،پیرچناسی روڈ کے لیے 70کروڑ روپے کا منصوبہ ہے لچھراٹ میں 260کلومیٹر سڑکوں پر کام ہو رہا ہے۔یہ سب اس وجہ سے ممکن ہوا ہے کہ آپ لوگوں نے شہید بھٹو اور شہید بی بی کے نظریات سے وفا کی جس کی وجہ سے حکومت پیپلزپارٹی کی بنی اور لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کئی بڑے منصوبے جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سڑکیں ترقی کا بنیادی زینہ ہے جہاں سڑک پہنچتی ہے وہاں ترقی ہوتی ہے ۔اللہ نے چاہا تو اس سڑک کو ناگاں تک بناؤں گا تاکہ ان علاقوں میں سیاحت کو فروغ دیا جائے تاکہ لوگ خوشحال ہوں ۔وزیر تعلیم سکولز میاں وحید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے میں خوشحالی ، تعمیر وترقی اور سیاسی شعور سڑک کے ذریعے آتا ہے آ ج پیپلزپارٹی کی حکومت نے وزیراطلاعات کی کاوشوں سے جس سڑک کے ذریعے ہم چمبہ میں پہنچے ہیں یہ سڑک جن لوگوں کے لیے ترقی کا بہت بڑ ا ذریعہ ہے ۔

انہوں نے کہا دور افتادہ علاقے میں آکر مجھے حیرت ہوئی کے ان لوگوں نے جنہوں نے 65سال تک حکمرانی کی عوام کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارتی کی حکومت کو تو صر ف تین سال ہوئے ہیں مگر اس نے ان تین سال کے دوران وہ کر دیکھایا ہے جو 65سال پر بھاری ہے انہوں نے پرتپاک استقبال پر چمبہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ وہ اسی محبت کے ساتھ اپنے قائد سید بازل علی نقوی کے ساتھ کھڑے رہیں تاکہ وہ آپ لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کر سکیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ بازل نقوی جسموں پر نہیں دل پر حکومت کر رہا ہے اور ایسا شخص سیاسی میدان میں ہمیشہ فتح یاب رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارا نوجوان لیڈر وزیر اطلاعات انتہائی احسن اقدام میں حق نمائندگی ادا کر رہا ہے ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے تعلیم کے میدان میں بھی کئی بڑے منصوبے دیے اور ابھی بڑی تعلیمی پالیسی بھی دیں گے تاکہ جہالت کے اندھیروں کو دور کیا جائے ۔

انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ہمارے شیر دل جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پور ی قوم پاک فوج کی پشت پر ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین علماء ومشائخ مفتی فضل الرسول طاہر نے کہا کہ وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی کا تین سال کاعرصہ 60سال پر بھاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے بازل نقوی اگلے پانچ سال کے لیے بھی جیتا ہوا امیدوار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد نے لچھراٹ ترقیاتی پیکج کے ذریعے حلقہ دو کی عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے ۔ ایڈمنسٹریڑ ضلع کونسل میر مشتاق حسین نے سڑک کے افتتاح پر عوام علاقہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ میرے قائد نے جس طرح اپنے تمام وعدے پورے کیے اب عوام بھی ان کو ووٹ چادر پر ڈال کر دیں گے جہاں جیت صرف بازل علی نقوی کی ہی ہوگی ۔

اس موقع پر چوہدری غلام مصطفی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر پٹہکہ ، فرمان کاظمی ، ملک عبدالحی ۔ الحاج چوہدری اشرف ، کلیم قریشی ، ابرار اعوان ، چوہدری شبیر ، رمضان مغل، رشید قریشی ، میر ارشد قادر ، حاجی قاسم خان ، میر رستم خان ، عزیز الرحمان اور راجہ پرویز نے بھی خطاب کیا ۔