ایئرایشیاءکے طیارے کے بارے میں پراسرار شخص کی 15دن قبل کی گئی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی

منگل 30 دسمبر 2014 13:00

ایئرایشیاءکے طیارے کے بارے میں پراسرار شخص کی 15دن قبل کی گئی پیشن گوئی ..

کولالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30دسمبر 2014ء) ایئرایشیاءکی پرواز کیوزیڈ8501دوروزقبل 162مسافروں کے ساتھ لاپتہ ہوچکی ہے ۔ ملائشین ایئرلائن کی پرواز ایم ایچ 370کے بعد مذکورہ طیارے کا بھی تقریباًاسی انداز میں لاپتہ ہوجانا یقینا پراسرار ہے لیکن اس سے بھی پراسرار وہ پیشن گوئی ہے جو تقریباًدوہفتے قبل ایک چینی بلاگنگ ویب سائیٹ پر کی گئی ہے ۔

ایک نامعلوم بلاگر کی طرف سے 13دسمبر کو عام شہریوں کو خبردارکیاگیاتھاکہ وہ ایئرایشیاءپر سفر نہ کریں کیونکہ ”Black Hand“ کمپنی کے کسی طیارے کو گرانے والی ہے ۔ مذکورہ شخص کی طرف سے یہ دعویٰ بھی کیاگیاتھاکہ اس سے پہلے ملائیشیاءکی پروازایم ایچ 17اور ایم ایچ 370کو بھی اسی تنظیم نے نشانہ بنایاتھا۔ ابتدائی طورپر اس شخص کو سازشی سوچ کا مالک اورجنونی قراردیاگیاتھالیکن دوروز قبل واقعی ایئرایشیاءکا طیارہ لاپتہ ہوگیاتوسب کا دھیان اس پراسراروارننگ کی طرف گیا اور اب تک اس شخص کی پیشن گوئی کو تقریباً سات لاکھ لوگ پڑھ چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

پہلی پیشن گوئی 13دسمبر کو اوراس کے بعد یہی بات16اور17دسمبر کو بھی کی گئی جبکہ اس کے بعد کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ یہ خیال بھی ظاہر کیاجارہاہے کہ یہ شخص چینی خفیہ اداروں کا کوئی اہلکار تھا اور ”بلیک ہینڈ“ سے مرادامریکہ تھا۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ نامعلوم شخص نے متعددقسم کی ممکنہ صورتحال سے متعلق بیانات شائع کررکھے تھے اور اس حادثے کے بعدباقی سب ’ڈیلیٹ‘ کردیئے گئے جبکہ ایئرایشیاءکے طیارے کی تباہی کا بیان باقی رہنے دیا تاکہ یہ لگے کہ بالکل درست پیشن گوئی کی گئی تھی ۔