شرجیل انعام میمن سندھ حکومت کی کوتاہی اور نااہلی کی پردہ پوشی کررہے ہیں،نوید شمسی

پیر 29 دسمبر 2014 22:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن سندھ حکومت کی کوتاہی اور نااہلی کی پردہ پوشی کررہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے زونل انچارج نوید شمسی واراکین زونل کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرجیل انعام کی پریس کانفرنس صرف سیاسی اسکورنگ تھی انہیں سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی اور حیدرآباد کے مسائل اور مشکلات کودور کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ وہ سندھ کے شہری علاقوں کو بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں سے منتخب عوامی نمائندوں نے بلاتفریق عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں اور سندھ کے دیہی علاقوں سے منتخب ہونے والوں نے صرف اپنے مفادات کی سیاست کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی جلتا رہا صوبائی حکومت غفلت کی نیند سوتی رہی اور بعد میں صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہونے کیلئے الزام تراشی کی سیاست کرنے لگے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام اپنے برسوں کی کمائی نذرآتش ہوتے دیکھتی رہی مگر حکومت سندھ بے حسی کا مجسمہ بنی رہی ۔انہوں نے اپنے بیان میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثر ین ٹمبر مارکیٹ کراچی کی داد رسی کریں اور مالی نقصان کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :