عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے، ڈی سی او حافظ آباد

پیر 29 دسمبر 2014 21:03

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد محمد زبیر دریشک نے کہا ہے کہ عید میلاالنبی ﷺ کے بابرکت اور پرُمسرت موقع پر ضلع بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور پولیس ،ریسکیو 1122،صحت اور ٹی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ادارے امن و امان کے قیام اور جلوسوں کے روٹس پر خاطر خواہ انتظامات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

ڈی سی او اور ڈی پی او نے کہا کہ ولادت با سعادت جناب احمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد پر خوشی اور مسرت کا دن بھلا کیا ہو سکتا ہے اور آپ ﷺ کی آمد پر خوشی کا اظہار ہر مسلمان کے ایمان کی بنیاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن اور دہشت گرد عناصر عید میلاد النبی جیسے متبرک اور پرمسرت تہوار کو بھی اپنے مذموم عزائم کا نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں اور علماء کرام ،سول سوسائٹی اور ہر مسلمان کو ان دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے قیام امن کے حوالہ سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے بلائے گئے ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران صاحبزادہ سید وسیم الحسن نقوی،رانا محمد اصغر چشتی،مولانا نصر اللہ بھٹی،مولانا احمد سعید اعوان ،قاری فیصل ندیم کیلانی ،صدر بار عابد فیاض تارڑ،صدر پریس کلب رانا محمد سعید،سینئر وائس چیئرمین چودھری امتیاز احمد تاج،سیکرری بار ملک نزاکت علی پھلروان،ذیشان احمد بھٹی ایڈووکیٹ،ظفر اقبال رتو اور دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج اس وقت ملکی بقااو ر سالمیت کی جنگ لڑ رہی ہے اور علماء سمیت تمام محب وطن پاکستانی دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ اب پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے علماء کے درمیان مثالی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی موجودگی میں تخریب کار عناصر اپنے مذموم عزائم میں انشاء اللہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے اور عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں اور مجالس کے موقع پر پولیس کے ساتھ رضا کار نوجوان بھی سیکورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔اس موقع پر ملکی سالمیت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :