صوبے میں محکمہ خصوصی تعلیم کی 2024آسامیاں خالی ہیں،500اساتذہ کی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کی جائیگی،

صرف سیمنٹ فیکٹریوں کو ٹائر جلانے کی اجازت ہے ،ٹائروں کو جلا کر تیل نکالنا اوگرا کی طرف سے تصدیق شدہ نہیں ، سٹیل ملوں کی طرف سے لکڑی ‘ پاؤنڈر ‘ کوئلہ ‘ ٹائر ‘کاربن پاؤڈر اور ویسٹ پلاسٹک جلانے سے شہر کے شمالی علاقوں میں فضائی آلودگی پیدا ہوئی، پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ تحفظ ماحول اور خصوصی تعلیم سے متعلق سوالات کے جوابات

پیر 29 دسمبر 2014 21:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) پنجاب اسمبلی کے ایوان کوبتایا گیا ہے کہ صوبے میں محکمہ خصوصی تعلیم کی 7181میں سے 2024آسامیاں خالی ہیں، اساتذ ہ کی 367 آسامیوں پر بھرتیوں کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں پراسس جاری ہے جبکہ آئندہ چند روز میں مزید 145کیلئے ریکوزیشن بھجوا دی جائیگی، صرف سیمنٹ فیکٹریوں کو ٹائر جلانے کی اجازت ہے جبکہ ٹائروں کو جلا کر تیل نکالنا اوگرا کی طرف سے تصدیق شدہ نہیں ،سٹیل ملوں کی طرف سے لکڑی ‘ پاؤنڈر ‘ کوئلہ ‘ ٹائر ‘کاربن پاؤڈر اور ویسٹ پلاسٹک بطور ایندھن استعمال کرنے سے شہر کے شمالی علاقوں میں فضائی آلودگی کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت تین بجے کی بجائے ایک گھنٹہ پانچ منٹ کی تاخیر سے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ تحفظ ماحول اور خصوصی تعلیم سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے گئے ۔پارلیمانی سیکرٹری تحفظ ماحول اکمل سیف چٹھہ کی طرف سے مبہم جواب آنے پر اسپیکر نے کہا کہ بات کرنے سے پہلے سوچ لیا کریں آپ نے پہلے کہا ہے کہ اشتہا ر دیا جائے گا اور اب کہہ رہے ہیں آسامیوں پر بھرتی کے لئے پراسس جاری ہے ۔

صوبائی وزیر خصوصی تعلیم آصف سعید منہیس نے ایوان کو بتایا کہ محکمے میں کل 7181میں سے 5157 آسامیاں پر ہیں جبکہ 2024خالی ہیں ۔ اساتذہ کی آسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم کا حرج نہیں ہو رہا ۔ ٹیچنگ کیڈر کی آسامیوں پر بھرتیوں کے لئے 367کا پنجاب پبلک سروس کمیشن میں پراسس جاری ہے جبکہ 145کے لئے جلد ریکوزیشن بھجوا دی جائے گی ۔ حکومتی رکن نگہت شیخ نے سوال اٹھایا کہ محکمے میں 1988اور 1994ء سے آسامیاں خالی ہیں کیا اس سے بچوں کی تعلیم کا حرج نہیں ہو رہا ۔

حکومتی رکن غیاث الدین نے سوال اٹھایا کہ سابقہ ڈی او ( سپیشل ایجوکیشن) کی وفات کے بعد بیوہ کو انکوائری کے سلسلہ میں طلب کرنا شرعی طور پر جائز ہے ؟۔ کیونکہ قرآن تو کہتا ہے کہ ایک کا بوجھ دوسرے پر نہ ڈالا جائے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مجھے شرعی طور پر تو علم نہیں لیکن اس میں کچھ دوسرے لوگ بھی ملوث ہیں اور انہوں نے تسلیم کیا ہے ۔ حکومت کا 73لاکھ کا نقصان ہوا ہے اسے ایسے نہیں چھوڑ سکتے ۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ تحفظ ماحول نے بتایا کہ فیکٹریوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی ذمہ داری سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہو رکی ہے اور ضلعی حکومت نے ان صنعتی یونٹس کو بذریعہ ٹاؤن میونسپلز ایڈمنسٹریشز نوٹسز جاری کرنے کے علاوہ اخبارات میں بھی اشتہار شائع کر دئیے ہیں ۔ محکمہ ماحولیات کو ملنے والے مینڈیٹ کے پیش نظر ان فیکٹریوں کے خلاف تحفظ ماحول کے قانون کی دفعہ 11اور 16کے تحت کارروائی جاری ہے ۔

وقفہ سوالات کے دوران حکومتی رکن جمال لغاری نے کہا کہ صوبائی وزیر جو جواب دے رہے ہیں ہماری ان سے تسلی اور تشفی نہیں ہو رہی ۔ حکومتی رکن میاں طاہر نے بھی سوالات کے جوابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جھوٹ کا پلندہ دیا جاتا ہے ۔ اپوزیشن رکن ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ جو سوال پوچھا گیا ہے اسکا جواب شاہکار ہے ۔صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن نے ایوان کو بتایا کہ 18ویں ترامیم کے بعد وفاق سے صوبوں کو منتقل ہونے والے محکموں کے ملازمین کیلئے سروس رولز پر کام جاری ہے۔آزاد رکن اسمبلی احسن ریاض فتیانہ نے بھی اپنے سوال کے جواب پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کو گمراہ نہ کیا جائے ۔