جمہوریت اور منتخب جمہوری حکومت کے خلاف تیسری قوت کی کوششیں قابل مذمت ہیں ،ارکان قومی اسمبلی پیپلزپارٹی

پیر 29 دسمبر 2014 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ایم این اے میر منور تالپور، ایم این اے عمران ظفر لغاری اور ایم این اے سردار رفیق احمد خان جمالی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جمہوریت اور منتخب جمہوری حکومت کے خلاف تیسری قوت کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ صرف سندھ حکومت یا پیپلز پارٹی کا نہیں ہے بلکہ عوام کے مینڈیٹ اور دستور پاکستان کا ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جو قوتیں بھی سندھ کی منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں کے تانے بانے بننے میں مصروف ہیں انہیں عوام نے بارہا مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ پانچ برس صرف حکومت ہی نہیں کی بلکہ درحقیقت جمہوریت کو اس کی پٹری پر ڈالا ہے لیکن بدقسمتی سے تیسری قوت کو عوام کی حکومت کی عادت نہیں اس لئے ہمیشہ چور دروازے سے جمہوریت پر شب خون مارا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پرانا حاجی کیمپ میں ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی کو جس طرح سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا ذریعہ بنایا گیا اس کے پیچھے اسی تیسری قوت کا ہاتھ ہے جو جمہوریت پر شب خون مارنے کیلئے تگ ودو کررہی ہے لیکن سب سے زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ اس سارے خفیہ مشن میں چند عاقبت نااندیش آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی ہے اور جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت کے خلاف کوئی بھی ایڈونچر کیا گیا تو عوامی غیض وغصب کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے لئے پیپلز پارٹی ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔