وقت کا تقاضا ہے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور عسکری قیادت ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے ایک پیج پر ہو،عنایت اللہ خان

پیر 29 دسمبر 2014 19:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء)سینئر صوبائی وزیر بلدیا ت ودیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ امن اس وقت پوری قوم کی ضرورت ہے ۔وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور عسکری قیادت ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے ایک پیج پر ہو۔آرمی پبلک سکول پر حملے کا منصوبہ میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں ۔دشمن اوچھے ہتھکنڈوں اور ظالمانہ کاروائیوں پر اتر آیاہے اسے منہ توڑجواب دینے کی ضرورت ہے۔

ملک کو بچانے کے لئے ہمیں متحد ہوناہوگا۔ملک کی عزت،وقار،سلامتی اور تحفظ کے لئے نظام میں موجود خرابیوں اورکمزوریوں کودور کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت رسمی بیانات سے آگے بڑھ کر دہشت گردی کی عفریت سے نجات کے لئے قابل عمل اور قابل نفاذ پالیسی جلد وضع کرے اور اس پر عمل درآمد کویقینی بنایاجائے۔

(جاری ہے)

امن کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کی کوششیں قابل ستائش ہیں ۔

وہ جماعت اسلامی کے سیاسی سیکرٹری بحراللہ خان کے قیادت میں وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔وفد میں سابق صوبائی وزراء حافظ حشمت خان، کاشف اعظم اور ریاض خان شامل تھے ۔ وفد نے سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان کو یکم جنوری کو شہداء امن قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے وفد سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ ملک وقوم کواتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔وقت آگیا ہے کہ ملک کودرپیش مسائل اور دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے سب مل کر مقابلہ کریں۔