کوئٹہ میں سخت سردی میں قومی باکسرز کا تربیتی کیمپ جاری،

13 سال بعد منعقد ہونیوالے کیمپ میں ملک بھر سے 30 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، کوئٹہ میں کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے ،شدید سردی میں ٹریننگ کا بھی مزہ آرہا ہے، باکسرز ، زیر تربیت باکسرز کو کھانے پینے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور کیمپ کے اختتام پر ہر کھلاڑی کو 3 ہزارروپے اعزازیہ بھی دیا جائے گا، نیشنل کوچ محمد طارق

پیر 29 دسمبر 2014 19:14

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء ) کوئٹہ میں امن کی بہتری کے بعد پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے باکسنگ کے کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل مقابلے کے لئے تیار کرنے کے لئے ٹریننگ کیمپ میں ملک بھر سے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں ، کھلاڑیوں کو شدید سردی میں نیشنل اور انٹرنیشنل لیول کے کوچز تربیت دے رہے ہیں۔ کوئٹہ میں 13 سال بعد پاکستان سپورٹس بورڈ نے نیشنل باکسنگ ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا ہے اس کیمپ میں 2015 میں ہونے والی ورلڈ باکسنگ چمپین شپ کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کو تیار جا رہا ہے۔

ٹریننگ کیمپ میں پاکستان کے 4 انٹرنیشنل کھلاڑیوں سمیت ملک بھر سے 30 باکسر حصہ لے رہے ہیں۔ باکسرز کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے ، اورشدید سردی میں انہیں ٹریننگ کا اور بھی مزہ آرہا ہے۔

(جاری ہے)

ٹریننگ میں شرکت کرنے والے باکسرز کو نیشنل کوچ محمد طارق اور آئبا کے انٹرنیشنل کوچ مجید بروہی روزانہ 4 گھنٹے کی تربیت کے دوران مدمقابل کو زیر کرنے کے تمام حربے سکھا رہے ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں۔

یہ تربیتی کمیپ جنوری 2015 کے اختتام تک جاری رہے گا ، زیر تربیت باکسرز کو کھانے پینے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور کیمپ کے اختتام پر ہر کھلاڑی کو 3 ہزارروپے اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔