لیاری گینگ وار کا اہم ترین ملزم عزیر جان بلوچ دبئی میں انٹرپول کے ہاتھوں گرفتار

پیر 29 دسمبر 2014 18:58

لیاری گینگ وار کا اہم ترین ملزم عزیر جان بلوچ دبئی میں انٹرپول کے ہاتھوں ..

دبئی/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) انٹر پول نے لیاری گینگ وار کے اہم ترین ملزم اور کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ کو گرفتار کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ ایرانی پاسپورٹ پر اومان سے براستہ سڑک دبئی داخل ہورہا تھا کہ وہاں موجود حکام نے معمول کی پوچھ گچھ کے بعد اسے حراست میں لے لیا ہے، دوران تفتیش عزیر بلوچ نے اپنی شناخت ایرانی شہری کی حیثیت سے کرائی تاہم بعد میں اس نے اپنی اصل شناخت ظاہرکردی۔

متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے عذیر نامی مطلوب شہری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستانی حکام نے عزیر بلوچ کی حوالگی کے لئے متحدہ عرب امارات اور انٹرپول کے حکام سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں عزیر بلوچ کو وطن لایا جائے گا۔واضح رہے کہ عزیربلوچ قتل، اقدام قتل اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے اور 2013 میں ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن شروع ہونے پر بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔سندھ حکومت نے عذیر بلوچ کے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر رکھی تھی جبکہ کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی فورسز نے ملزم کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کرنے کی سفارش کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :