لبارڈ خصوصی افراد کو ہنرمند بنانے کے لیے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے ‘ پرویز ملک،

ترقی یافتہ ممالک کی نسبت پاکستان میں معذور افراد کے لیے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ‘ صدر لبارڈ

پیر 29 دسمبر 2014 18:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) کے صدر پرویز ملک نے کہا ہے کہ لبارڈ خصوصی افراد کو ہنرمند بنانے کے لیے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو استعمال میں لاکر کسی پر بوجھ بننے کے بجائے خود انحصار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لبارڈ کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لبارڈ کے سینئر نائب صدر میاں نصرت الدین، جائنٹ سیکریٹری سعید خان، سیکریٹری اطلاعات احمر ملک، فنانس سیکریٹری عباس خان اور لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ پرویز ملک نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی نسبت پاکستان میں معذور افراد کے لیے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ، ترقی یافتہ ممالک میں عمارتوں پر خصوصی ریمپ تعمیر کیے جاتے ہیں اور عوامی مقامات پر بھی سہولیات یقینی بنائی جاتی ہیں تاکہ معذور افراد کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے لہذا ہمیں بھی ایسے ہی اقدامات اٹھانا ہونگے۔

(جاری ہے)

لبارڈ کے جائنٹ سیکریٹری سعید خان نے کہا کہ لبارڈ انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت معذور افراد کی خدمت کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور اس کی ٹیم کے تمام اراکین بے لوث جذبہ خدمت کے تحت یہ کوشش کررہے ہیں کہ معذور افراد کو بھی معاشرے کا فعال رُکن بنایا جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کے بجائے نہ صرف اپنا روزگار خود کمائیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ لبارڈ معذور افراد کو تعلیم و تربیت اور روزگار کی سہولیات مہیا کررہا ہے اور اب تک ہزاروں معذور افراد لبارڈ کی خدمات سے استفادہ کرکے ایک کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لبارڈ شہر کے مختلف حصوں میں وقتاً فوقتاً کیمپس بھی منعقد کرتی ہے تاکہ لبارڈ کی خدمات سے وہ لوگ بھی مستفید ہوسکیں جنہیں اس بارے میں کوئی علم ہی نہیں ہے کہ لبارڈ جیسی کوئی تنظیم ان کی خدمت کے لیے کام کررہی ہے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لبارڈ معذور افراد کی بحالی کے لیے جو خدمات سرانجام دے رہی ہے اس پر لاہور چیمبر کو فخر ہے۔ انہوں نے بے لوث خدمات سرانجام دینے پر لبارڈ کے عہدیداروں اور گورننگ باڈی اراکین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :