لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا توانائی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار ،

حکومت بجلی و گیس سپلائی سسٹم کی خامیوں کو دور کرے ،ملک بھر میں یکساں سپلائی یقینی بنائے ‘ اعجاز اے ممتاز

پیر 29 دسمبر 2014 18:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء ) توانائی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ بجلی و گیس سپلائی سسٹم کی خامیوں کو دور کرے اور ملک بھر میں ان کی یکساں سپلائی یقینی بنائے تاکہ صنعتی پہیہ رواں دواں رہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ توانائی کے سنگین بحران کی وجہ سے بالخصوص صوبہ پنجاب میں صنعتی، تجارتی اور معاشی سرگرمیاں بْری طرح متاثر ہورہی ہیں اور صنعتی یونٹس اپنی پیداوار محدود کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب صنعتی سرگرمیوں کا مرکز ہے ، یہاں کی صنعتوں کو گیس و بجلی نہ ملنے کی وجہ سے جی ڈی پی گروتھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔جی ڈی پی میں سب سے زیادہ حصہ پنجاب کا ہے لہذا بجلی و گیس کی قلت کا زیادہ بوجھ اس پر ڈالنا نقصان دہ ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت کو ہنگامی اقدامات اٹھانا ہونگے وگرنہ نتیجہ صنعتوں کی بندش، غربت اور بے روزگاری میں اضافے کی صورت میں برآمد ہوگا۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ نجی شعبہ ترقی کے لیے انجن کا کردار ادا کرتا ہے جس کے پیش نظر ترقی یافتہ ممالک میں اسے خصوصی مراعات دی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بجلی و گیس کی سپلائی یقینی نہ بنائی گئی تو برآمدی آرڈرز پورے نہیں کیے جاسکیں گے جس کا خمیازہ برآمدات میں کمی کی صورت میں بھگتنا پڑ سکتا ہے ، ملک اس کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ عالمی منڈی میں پہلے ہی دوسرے ممالک غلبہ پارہے ہیں۔

اعجاز اے ممتازنے کہا کہ جمہوری نظام مستحکم کرنے کے لیے معاشی ترقی اور خوشحالی ناگزیر ہیں لہذا حکومت حالات کی نزاکت کو سمجھے اور توانائی کا بحران ہنگامی بنیادوں پر حل کرے تاکہ موجودہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے، صنعت سازی میں اضافہ ہو، غیرملکی سرمایہ کاروں کو اچھا پیغام ملے اور معیشت مستحکم ہو۔

متعلقہ عنوان :