پشاور، سوئی گیس کے کم پریشر بارے اعلیٰ سطحی اجلاس، کم پریشر کے مسئلے کے حل کیلئے تفصیلی غور و خوض

پیر 29 دسمبر 2014 18:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ سوئی گیس ایک بنیادی ضرورت ہے اور اس کے سلسلے میں عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے متعلقہ حکام کو اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کرنی ہونگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے شہریوں کو درپیش سوئی گیس کے کم پریشر کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایم این اے انجینئر حامد الحق ، ایم پی اے یاسین خان خلیل اور سوئی ناردرن گیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں سوئی گیس کے کم پریشر کے مسئلے کے حل کیلئے تفصیلی غور و خوض ہوا اور متعدد آراء و تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اکبر ایوب خان نے کہا کہ محکموں کو سردیوں کے اس موسم میں عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ہنگامی طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہونگی تاکہ عوام گیس کے کم پریشر کے باعث درپیش مشکلات سے نجات پا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس پائپوں کی تنصیب کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ تمام محکموں کو مشاورت اور باہمی روابط کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ گیس کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔بعد ازاں اکبر ایوب کومحکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے تحت مختلف سڑکوں کے منصوبوں اور شاہراہوں کی کشادگی سے متعلق سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے تفصیلی بریفنگ بھی دی جس پر صوبائی مشیر نے اطمینان کا اظہار کیا اور جاری منصوبوں کو بہتر معیار کے ساتھ بر وقت مکمل کرنے کی تاکید کی۔

اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نواز ، ڈپٹی ڈائریکٹر خالد ایم وزیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نثار ، ڈپٹی ڈائریکٹر احمد جان ، پراجیکٹ ڈائریکٹر شہاب خٹک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہاب احمد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :