امریکی سفیر کی اسحاق ڈار سے ملاقات،سانحہ پشاور پر دکھ اور افسوس کا اظہار،

امریکہ سے 53ارب 20لاکھ ڈالر کے امدادی پیکج اور امریکی وزیرخارجہ کے جنوری کے مجوزہ دورہ کے ایجنڈے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

پیر 29 دسمبر 2014 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے پیر کو یہاں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں انہوں نے سانحہ پشاور پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور امریکہ سے پاکستان کو ملنے والے 53ارب 20لاکھ ڈالر کے امدادی پیکج سمیت امریکی وزیرخارجہ کے جنوری کے مجوزہ دورہ کے ایجنڈے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ا س پیکج کا بڑا حصہ شمالی وزیرستان کے بے گھر لوگوں پر خرچ کیا جائے گا،سانحہ پشاور پاکستانی تاریخ کا المناک سانحہ ہے،حکومت نے عزم کررکھا ہے کہ دہشت گردی کے مسئلے سے پوری قوت سے نمٹیں گے اور اس معاملے پر پوری قوم اور سیاسی قیادت میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔

امریکی سفیر نے وفاقی وزیر کو آئی ایم ایف کے چوتھے اور پانچویں جائزے کی تکمیل اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر تک پہنچنے پر مبارکباد دی جس سے حکومت کو آئی بی آرڈی کا رکن بننے میں مدد ملی جس سے وہ بہتر مالیاتی پیکج حاصل کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر نے وزیر خزانہ سے کیری لوگر ایکٹ کے تحت سویلین امدادی پیکج پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ کانگریس نے پاکستان کے لئے 53 ارب 20 لاکھ ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے ۔

یہ امداد توانائی ،دہشت گردی کے خلاف دفاع ،اقتصادی ترقی ،تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں کے لئے دی جارہی ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اس امداد کا بڑا حصہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے بے گھر لوگو ں پر خرچ کرنا چاہتی ہے ۔امریکی سفیر نے جنوری 2015 ء میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے مجوزہ دورہ پاکستان کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خزانہ نے سفیر سے بوئنگ طیاروں کی جلد فراہمی پر بات چیت کی جو پی آئی اے اپنے بیڑے کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کرے گی ۔

ریاستی اثاثہ ہونے کے ناطے یہ حکومت کی ترجیحی فہرست میں اہم ایجنڈے کے طور پر موجود ہے ۔وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو بتایا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں عبوری بے گھر افراد اور زلزلے سے متاثرین کی بحالی کے بارے میں امدادی اداروں کے لئے ایک بریفنگ تیار کررہے ہیں ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب ایک ایسی آفت ہے جن کا پہلے سے اندازا نہیں لگایا جا سکتا اور اس کا ترقی پر گہرا اثر ہوتا ہے لیکن ہم اب بھی پُرامید ہیں کہ موجودہ حالات سے نکل آئیں گے۔ملاقات میں خزانہ ڈویژن کے ایڈوائزر رانا اسد امین وزیر خزانہ کے سپیشل اسسٹنٹ شاہد محمود و امریکی ٹیم کے ارکان موجود تھے