سندھ اسمبلی،ایم کیو ایم نے ٹمبر مارکیٹ واقعے پر تحریک التوا، سانحہ پشاور اور مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کیلئے قرارداد جمع کرادی ،

کراچی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کیلئے بل بھی جمع کرادیا

پیر 29 دسمبر 2014 17:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ نے ٹمبر مارکیٹ واقعے پر تحریک التوا، سانحہ پشاور اور مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کے لئے سندھ اسمبلی میں قرارداد اور کراچی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کے لئے سندھ اسمبلی میں بل جمع کرادیا۔پیر کو سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ نے ٹمبر مارکیٹ واقعہ پر تحریک التوا، مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کے لئے قرارداد اور کراچی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کے لئے بل کا مسودہ سندھ اسمبلی کے سیکریٹری کے دفتر میں جمع کرادیا۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور میں پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر بھی قرارداد مذمت جمع کرائی ہے،جب کہ سندھ اسمبلی میں ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ اور حکومتی لاپرواہی کے معاملات اٹھائیں گے، اس کے علاوہ ایک بل بھی جمع کرایا گیا ہے جو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے سے متعلق ہے۔

اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہارا لحسن نے کہاکہ خودساختہ اسلام کے علمبردار مولوی عبدالعزیز کے نفرت آمیز اور دھمکی آمیر بیان پر قرارداد مذمت جمع کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کی آگ اگر سازش ہے تو اس کی ذمے دار حکومت ہے۔ رکن سندھ اسمبلی متحدہ قومی موومنٹ خالد احمد نے کہا کہ کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ایک گمشدہ اور نااہل شخص ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ اورحکومتی لاپرواہی کے معاملات اٹھائیں گے۔