بدعنوانی کے خاتمے اور لٹیروں کا احتساب کرنے کے لئے ایک بااختیار احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا، محمود خان

پیر 29 دسمبر 2014 17:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء)صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ بدعنوانی کے خاتمے اور لٹیروں کا احتساب کرنے کے لئے ایک بااختیار احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شروع دن سے ہی کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے ا پنے عزم کا اعادہ کیا اور ایسے اقدامات اُٹھائے ہیں کہ جن سے صوبے میں بدعنوانی کی ذرابھر بھی گنجائش نہیں چھوڑی گئی ہے اور صوبے میں شفافیت اور گڈ گورننس کا وجود عمل میں لایا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے تحصیل مٹہ ضلع سوات کی یونین کونسلوں سخرہ اور گولری میں شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مختلف سیاسی پارٹیوں پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ نواز ،جے یو آئی اور عوامی ورکر پارٹی کی ممتاز شخصیات شیر عالم ،محمد زاہد ، محمد عمر، فضل محمد ، چمنی گل ، سخی جان، تاج محمد ، شاہ وزیر ، گل افضل ، جان شیر ، مفتاح الدین ،ضیاء الرحمن ،عنایت الرحمن ، ضیاء اللہ ، احسان اللہ ، اور حبیب اللہ نے اپنی اپنی پارٹیوں سے مستغفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور چےئرمین عمران خان اور صوبائی وزیر محمود خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے مثبت پالیسوں اور اچھی کارکردگی کی بدولت تبدیلی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات شروع کئے تاکہ ادارے عوام کی خدمت اور ان کی شکایات کے ازالے کے لئے موئثر طریقے سے اپنی خدمات انجام دے سکیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ڈیرھ سال کے قلیل عرصے میں صوبے میں قانون کی حکمرانی نچلی سطح پر لوگوں کو خود مختار بنانے شہریوں کو بہتر سماجی خدمات کی فراہمی ، سرکاری رسائی فراہم کرنے کے لئے ناصرف ریکارڈ قانون سازی کی بلکہ ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ایک موئثر میکینزم بھی فراہم کیا تاکہ پچھلی چھ دہائیوں سے چلنے والے فرسودہ نظام کو ایک عوام دوست نظام میں تبدیلی کرکے لوگوں کو ان کی توقعات اور ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی اس مقبولیت کو دیکھتے ہوئے لوگ جوق درجوق اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔