ملک بھر میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں تقریبات کا آغاز

پیر 29 دسمبر 2014 16:58

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) ملک بھر میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں تقریبات کا آغاز ہوگیا‘ اس سلسلے میں فیصل آباد میں 12 ربیع الاول اتوار کی صبح چوک گھنٹہ گھر میں آپ کی عمر کی مناسبت سے 63 پاؤنڈ کا کیک کاٹا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کے علاوہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی‘ علماء کرام اور تنظیمات اہل سنت کے علماء کرام اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد شامل ہوگی۔

یہ بات مرکزی میلاد کمیٹی و تنظیمات اہل سنت فیصل آباد کے صدر حاجی میاں منیر احمد نورانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میلادالنبی کے سلسلے میں فیصل آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 30 دسمبر بروز منگل کو نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں سرکاری طور پر محفل میلاد منعقد ہوگی جس میں ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران اور ممبران پارلیمنٹ شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 12 جنوری کو نعتیہ مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جو ٹی ایم اے ہال میں منعقد ہوگا۔ حاجی میاں منیر احمد نورانی اور دیگر علماء کرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید میلادالنبی کی تقریبات نہایت شان و شوکت سے منانے کیلئے میلاد کمیٹی سے بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ عیدمیلادالنبی کے جلوس میں شامل نہ ہوں یہ غیر شرعی ہے اور اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا اسلئے خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر درود شریف کی محفلوں کا انعقاد کریں۔ مرکزی میلاد نے کہا کہ ہم حکومت‘ افواج پاکستان اور ضلعی انتظامیہ سے ہر طرح کا تعاون کریں گے اور وہ جس انداز سے وہ ہم سے تعاون کررہے ہیں ہم ان کے ممنون و مشکور ہیں۔

متعلقہ عنوان :