ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں ٹمبر مارکیٹ واقعہ ،مولانا عبدالعزیز کی گرفتار ی کیلئے قرارداد جمع کرادی

پیر 29 دسمبر 2014 16:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ اسمبلی میں ٹمبر مارکیٹ واقعے پر تحریک التوا، سانحہ پشاور اور مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کے لئے سندھ اسمبلی میں قرارداد اور کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کے لئے سندھ اسمبلی میں بل جمع کرادیا۔پیر کوسندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا جس کے بعد ایم کیو ایم نے ٹمبر مارکیٹ واقعے پر تحریک التوا، مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کے لئے قرارداد اور کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کے لئے بل کا مسودہ سندھ اسمبلی کے سیکریٹری کے دفتر میں جمع کرادیا۔

تحریک التوااور قراردادیں جمع کرانے کے بعد سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور میں پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا گیا، اگر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیانات پر توجہ دی جاتی تو سانحہ پیش نہ آتا،سانحہ پشاور پر بھی قرارداد مذمت جمع کرائی ہے، سندھ اسمبلی میں ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ اور حکومتی لاپرواہی کے معاملات اٹھائیں گے، اس کے علاوہ ایک بل بھی جمع کرایا گیا ہے جو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے سے متعلق ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے کسی تفریق کے بغیر میرٹ پر نوکریاں دیں، ٹمبر مارکیٹ کی آگ اگر سازش ہے تو اس کی ذمہ دار حکومت ہے، پیپلزپارٹی کے چیرمین اور شریک چیرمین سندھ میں پیپلزپارٹی کی کارکردگی کاجائزہ لیں، مولانا عبدالعزیز کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں گرفتار کیا جائے۔رکن سندھ اسمبلی ایم کیو ایم خالد احمد نے کہا کہ کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ایک گمشدہ اور نااہل شخص ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنماوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ اورحکومتی لاپرواہی کے معاملات اٹھائیں گے۔سانحہ پشاور میں پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا گیا۔اگر قائد تحریک کے بیانات پر توجہ دی جاتی تو سانحہ پیش نہ آتا،ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔