ملک بھر میں بارش نہ ہونے کے باعث دھند کے ڈیرے ،معمولات زندگی شدید متاثر ،سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا

پیر 29 دسمبر 2014 15:45

لاہور /اسلام آباد /فیصل آباد /ملتان /سرگودھا/ساہیوال /رحیم یار خان /پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) ملک بھر میں بارش نہ ہونے کے باعث دھند نے ڈیرے ڈال لیے جس کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں،سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثات نے 7افراد کی جان لے لی ،دھند کے باعث موٹر وے پر بھاری ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی گئی تاہم چھوٹی گاڑیوں کو قافلوں کی صورت روانہ کیا گیا، شدیددھندکے باعث ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا جبکہ ٹرینوں کاشیڈول بھی متاثرہوا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11ریکارڈ کیا گیا، استور میں منفی 10، گلگت، ہنزہ اور قلات میں منفی 7، گوپس ،پاراچنار اور کوئٹہ میں منفی 6ڈگری سینٹی گریڈ، دیر اور کالام میں درجہ حرارت منفی 4، دالبندین اور راولاکوٹ میں درجہ حرارت منفی 3جبکہ مالم جبہ اور بنوں میں منفی 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بارش نہ ہونے کی وجہ سے پنجاب کے اکثر جبکہ خیبر پختونخوا اور سندھ کے بعض علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد میں خشک اور سرد موسم کے باعث زندگی منجمد ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہوگئی ہے۔لاہور شہر سے ملحقہ مضافاتی علاقے شدید دھند کی زد میں ہونے کی وجہ سے گلیوں، بازاروں اور سڑکوں پر دھند کی چادر تنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے علاوہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

دھند کے باعث موٹر وے پر بھاری ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے تاہم چھوٹی گاڑیوں کو قافلوں کی صورت روانہ کیا جا رہا ہے۔موٹر وے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ شہری موٹر وے پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔دھند کی وجہ سے لاہور اور ملتان ایئرپورٹس پر ملکی اور بین الاقوامی درجنوں پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے ،اندرون اور بیرون ممالک پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر کے باعث مسافر پریشان حال ہیں ،14بین الاقوامی پروازیں تعطل اور اندرون ملک آنے جانے والی 6پروزیں بھی تاخیر کا شکار ہیں ۔

موسم کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث پی آئی اے کی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، اس لئے مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے فون کرکے صحیح صورتحال معلوم کرنے کے بعد ہی ایئرپورٹ آئیں۔جبکہ شدید دھند کے باعث ٹرینوں کاشیڈول بھی متاثرہوا ہے۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثات نے 7افراد کی جان لے لی ۔

ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر اڈا یوسف والا کے قریب کئی گاڑیاں ٹکرانے سے 8افراد زخمی ہوگئے۔ رحیم یارخان میں ترنڈہ محمدپناہ کے قریب 2بسوں کی ٹکرسے 2مسافرجاں بحق جبکہ 27افراد زخمی ہوگئے جنہیں شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا گیا، جوہرآباد میں زائرین کو دربار سلطان باہو لے جانے والی ویگن شدید دھند کے باعث ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈسٹرکلٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جوہر آباد میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ اوکاڑہ میں ٹریفک حادثات میں 40سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے دھند کا سلسلہ جنوری کے وسط تک جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں موسم خشک اور شدید سرد ررہے گا۔ گوجرانوالہ، سرگودھا، راولپنڈی، پشاور، لاہور، فیصل آباد، ملتان میں دھند کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :