جماعت اسلامی کاپاکستانی سرحد سے ملحقہ اضلاع میں طلباء کو فوجی تربیت دینے پرتشویش کااظہار،

مودی سرکار کے آنے سے جنوبی ایشیاء کاخطہ مکمل طور پر غیر محفوظ ہوگیاہے‘ ڈاکٹر سید وسیم اختر

پیر 29 دسمبر 2014 15:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی و امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرسیدوسیم اخترنے بھارت کی جانب سے پاکستان کی سرحد سے ملحقہ اضلاع میں طلباء کوفوجی تربیت دینے کے اعلان پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان کی حکومت پاکستان کے ساتھ دشمنی میں مکمل طور پر اندھی ہوچکی ہے ،بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈین گجرات کے وزیراعلیٰ آنندی بن پٹیل کے بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت اور اس کے انتہاء پسند حکمرانوں کا گھناؤناچہرہ کھل کر دنیا کے سامنے آچکاہے، ہندوستان نے آج تک پاکستان کے وجود کوکھلے دل سے قبول نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے وطن عزیزکو نقصان پہنچانے کاکوئی بھی موقع ہاتھ سے خالی نہیں جانے دیا۔

(جاری ہے)

کھیلوں کے میدانوں سے لے کر عالمی سطح کے فورمز تک بشمول مسئلہ کشمیر،آبی جارحیت اور انڈین خفیہ ایجنسی راء کی بلوچستان میں مداخلت جیسے سنگین مسائل ہندوستان کے پیداکردہ ہیں۔کشمیر میں کالے قوانین بناکر ظلم وستم کی انتہاء کردی گئی ۔

ایک لاکھ کشمیری مسلمانوں کاقتل عام،ہزاروں خواتین کی بے حرمتی اور لاکھوں بچوں کو یتیم بنادیاگیا مگر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگی۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہر بار دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کاڈھونگ رچاتا ہے جبکہ وہاں کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرنے والی جماعتیں بائیکاٹ کی راہ اختیار کرتے ہوئے دنیاکی توجہ بھارتی مظالم اور غاصبانہ قبضے کی جانب مبذول کروانے کی کوششیں کرتی آرہی ہیں۔

جب تک مسئلہ کشمیر کاحل،بلوچستان میں سی آئی اے اور موساد کی مددسے راء کی مداخلت اور آبی جارحیت کاخاتمہ نہیں ہوجاتا ہندوستان سے کسی بھی قسم کے تعلقات استوار نہیں ہوسکتے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ بھارت وطن عزیزمیں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اتحاد ویکجہتی سے دشمن کی تمام سازشوں کوناکام بنایاجائے۔مودی سرکار کے آنے سے جنوبی ایشیاء کاخطہ مکمل طور پر غیرمحفوظ ہوکر رہ گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :