لاہورمیں گیس سلنڈر دھماکے سے 10افراد زخمی، حافظ آباد میں آگ سے دھماکے میں تین زخمی ،

چونگی امرسدھو میں شادی والے گھر میں ناشتے کی تیاری کے وقت سلنڈر پھٹ گیا ،دھماکے سے گھر کے تمام شیشے ٹوٹ گئے

پیر 29 دسمبر 2014 13:16

لاہور /حافظ آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو کے ایک گھر میں گیس سلنڈر پھٹ گیا ، دھماکے سے 10افراد زخمی ہوگئے جبکہ حافظ آباد میں چولہے میں آگ لگنے سے دھماکا ہوگیا جس سے تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ لاہور میں چونگی امرسدھو کی طارق کالونی میں شادی والے گھر میں مکین صبح ناشتے کی تیاری کر رہے تھے کہ گیس کا سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کی وجہ سے دس افراد زخمی ہوگئے ۔

گنجان آباد علاقے اور تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو کی گاڑیوں کو گھر تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، اہل علاقہ نے موقع پر پہنچ کر فوری مدد کی ۔دھماکا اتنا زور دار تھا کہ گھر کے تمام شیشے ٹوٹ گئے۔8زخمیوں کو قریبی جنرل ہسپتال میں داخل کیا گیا جبکہ دو شدید زخمی بچوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں نازیہ، نبیلہ، عالیہ، اریبا ، ثمینہ، زرینا ، زینب، نمل، نبیرہ اور عرفان شامل ہیں، ، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری طرف حافظ آباد محلہ بہاولپورہ میں چولہے میں آگ جلاتے ہوئے دھماکا ہو گیا ، مکان کی چھت گرنے سے تین افراد شدید زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ محلہ بہاولپورہ کے رہائشی زین علی نے رات کو گیس کا چولہا کھلا چھوڑ دیا تھا جس کے باعث کمرے میں گیس جمع ہوگئی ، زین صبح آگ جلانے لگا تو اچانک زوردار دھماکے کے ساتھ آگ پھیل گئی جس کے نتیجے میں کمرے کی چھت گر گئی ۔ آگ کی لپیٹ میں آنے والے زین علی ، اسکی نانی اور ایک اور شخص کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :