پنجاب میں دھند کا راج ، موٹر وے پر ہیوی ٹریفک بند ، فلائٹ آپریشن معطل

پیر 29 دسمبر 2014 11:02

پنجاب میں دھند کا راج ، موٹر وے پر ہیوی ٹریفک بند ، فلائٹ آپریشن معطل

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) پنجاب میں دھند کا راج ہے ، لاہور اور دیگر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ، شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ موٹر وے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند جبکہ ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے ۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر ہر طرف دھند اندھا دھند چھائی ہوئی ہے ۔ دھند کے باعث معمول پر آئی زندگی پھر سے ٹھٹھر گئی ۔

جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد میں خشک اور سرد موسم کے باعث زندگی منجمد ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں دھند کا راج ہے ۔ لاہور شہر سے ملحقہ مضافاتی علاقے شدید دھند کی زد میں ہونے کی وجہ سے گلیوں بازاروں اور سڑکوں پر دھند کی چادر تن گئی ۔ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے علاوہ پیدل چلنےوالوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

دھند کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے ، اندرون اور بیرون ممالک پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر کے باعث مسافر پریشان حال ہیں ،14 بین الاقوامی پروازیں تعطل اور اندرون ملک آنے جانے والی 6 پروزیں بھی تاخیر کا شکار ہیں ۔

دھند کے باعث موٹر وے پر بھاری ٹریفک کا داخلہ بند ہے تاہم چھوٹی گاڑیوں کو قافلوں کی صورت روانہ کیا جا رہا ہے ، موٹر وے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ شہری موٹر وے پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :