اب وقت آگیا ہے مذہبی قوتیں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے میدان میں نکلیں اور حقیقی صورتحال کو قوم کے سامنے لائیں،حافظ طاہر محمود اشرفی

اتوار 28 دسمبر 2014 18:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ مذہبی قوتیں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے میدان میں نکلیں اور حقیقی صورتحال کو قوم کے سامنے لائیں۔پیغام اسلاف کانفرنس پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے ،بین المذاہب و بین المسالک مکالمہ او ر مسجد و مدرسہ کے کردار کو واضح کرنے میں بنیادی کردار اداکرے گی۔

30دسمبر کو لاہور الحمراء ہال میں ہونے والی کانفرنس میں ملک بھر سے2ہزار علماء و مشائخ شریک ہوں گے۔یہ بات انہوں نے کانفرنس کے انتظامات کے سلسلہ میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،علامہ ایوب صفدر ،حافظ محمد امجد ،مولانا عبد الحمید صابری،مولانا انوار الحق مجاہد ،مولانا نعمان حاشر ،مولانا عماربلوچ،مو لانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا سمیع اللہ ربانی،علامہ عبد القیوم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ کانفرنس کی سیکورٹی کیلئے لاہورپولیس کے ذمہ داران سے مشترکہ اجلاس میں سیکورٹی کے امور کو طے کیا گیا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام اسلاف کانفرنس ملک کے موجود ہ حالات پرعلماء حق کے موٴقف کو واضح کرے گی اور عوام الناس ، علماء ،خطباء ،مدرسین کو 2015ءء کیلئے لائحہ عمل دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :