نارووال میں چیئر مین ضلعی زکوٰةوعشرکمیٹی نہ ہونے کی وجہ سے چھ ہزار مستحقین زکوٰة گزشتہ دو سال سے مالی امداد سے محروم

اتوار 28 دسمبر 2014 17:28

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) چیئر مین ضلعی زکوٰةوعشرکمیٹی اور مقامی زکوٰة کمیٹیاں نہ ہونے کی وجہ سے چھ ہزار مستحقین زکوٰة گزشتہ دو سال سے مالی امداد سے محروم،گزشتہ مالی سال کے دوران دوکروڑروپے(20ملین) سے زائد کے فنڈز واپس چلے گئے،بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دوسال سے چیئر مین ضلعی زکوٰةوعشرکمیٹی نارووال کی سیٹ خالی ہونے اور ایک سال سے مقامی زکوٰة عشر کمیٹیاں نہ ہونے کی وجہ سے ضلع بھر کے مستحقین گزارہ الاؤنس اور مالی امدادکے منتظرسائلین مالی امدادسے محروم ہیں۔

گزشتہ سال بلدیاتی( لوکل باڈیز )انتخابات میں حصہ لینے کیلئے سابق چیئر مین پیر سید اظہرالحسن گیلانی نے جنوری 2013میں چیئر مین ضلعی زکواة وعشرکمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

(جاری ہے)

ضلعی چیئرمین کے استعفیٰ کے باعث مالی سال2013-14کے دوران ضلع نارووال میں مستحقین زکوٰة کیلئے آنے والے دوکروڑ روپے (20ملین )سے زائدکے فنڈ زمستحقین میں تقسیم نہ ہو سکے اور30جون2014کو فنڈز صوبائی زکوٰة وعشر کمیٹی پنجاب کو واپس چلے گئے، مقامی زکوٰة کمیٹیاں جن کی مدت تین سال ہو تی ہے وہ بھی نومبر2013میں اپنی مدت مکمل کر کے ختم ہو چکی ہیں ۔

رواں مالی سال 2014-15کیلئے ضلع نارووال کی588مقامی زکوٰة کمیٹیوں کے چھ ہزار مستحقین زکوٰة کیلئے فنڈزکی پہلی ششماہی قسط ایک کروڑ روپے(10ملین) سے زائد پہنچ گئی ہے مگر ضلعی چیئر مین زکوٰة کمیٹی نہ ہونے کی وجہ سے مقامی زکوٰة کمیٹیاں تشکیل نہیں دی جاسکیں جس کے باعث اس سال بھی مستحقین زکوٰة عید الفطر اور عید الضحٰی پر حکومتی مالی امداد نہ ملنے کی وجہ سے عید کی خوشیاں نہ منا سکے ۔

ضلعی چیئر مین زکوٰة عشر کمیٹی اور مقامی زکوٰة کمیٹیاں نہ ہونے کی وجہ سے ضلع بھر کے مستحقین گزارہ الاؤنس کے علاوہ صحت کی سہولیات،تعلیمی وظائف اور جہیز فنڈزکی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ڈسٹر کٹ آفیسرزکوٰة ذولفقار علی پڈانہ نے بتایا کہ ڈسٹر کٹ زکوٰة کمیٹی اور مقامی زکوٰة کمیٹیاں نہیں ہیں اس لئے مستحقین کو گزارہ الاؤنس کا اجراء اور دیگر مالی امداد نہیں دے سکتے ،جیسے ہی زکوٰة کمیٹیاں تشکیل پائیں گی مستحقین کو مالی امدادکے فنڈز جاری کر دینگے۔