سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ، مقامی دہشت گرد کمانڈر ہلاک،کوئٹہ اور پشاور سے اہم کمانڈر سمیت پانچ دہشتگرد گرفتار

اتوار 28 دسمبر 2014 17:22

بنوں/کوئٹہ /ایبٹ آباد/لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء ) بنوں میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین جھڑپ میں دہشت گرد کمانڈر دلفراز خان مارا گیا، کوئٹہ اورایبٹ آباد سمیت مختلف شہروں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پشاور پولیس کو مطلوب دہشت گرد سمیت درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا،کوئٹہ میں سکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت چار دہشت گرد گرفتار کر لئے ،لاہور سے بھی سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت133مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

پشاور میں اسکول پر حملے کے بعد ملک بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ بنوں کے علاقے جانی خیل میں سکیور ٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا جہاں جھڑپ میں مقامی کمانڈر دلفراز خان مارا گیا ۔

(جاری ہے)

جانی خیل میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے فرار ہونے کے راستے بھی بند کردئیے۔کوئٹہ میں نیو سریاب کے علاقے میں کلی سملانی میں حساس اداروں کی اطلاع پر پولیس اور ایف سی نے سرچ آپریشن کیا ۔

سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت چار دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے ۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ ایبٹ آباد کے علاقے نواں شہر میں پولیس نے کارروائی کر کے پشاور پولیس کو مطلوب دہشت عیسی خان کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گرد عیسی خان پشاور کے بڈھ بیر تھانے پر حملے سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

دوسری جانب صوابی کے علاقے برکی مہاجر کیمپ میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 120مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ نوشہرہ میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے 60مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کا تعلق افغانستان، خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی اور شمالی وزیرستان سے ہے۔ کرک میں تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کر کے غیر قانونی طور پر مقیم تین افغان باشندے گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

لاہور میں ایس پی کینٹ ندیم کھوکھر کی سربراہی میں سرچ آپریشن کر کے 133مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں سے افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے سانحہ پشاور کے بعد عملی اقدامات کے آغاز کے طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی کرایہ داروں کیخلاف سرچ آپریشن کرکے 26 افراد کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کے علاقوں شہزاد ٹاؤن، اقبال ٹاؤن ، کھنہ اور کرال کے علاقوں میں غیر قانونی کرایہ داروں کے خلاف سرچ آپریشن کیا گیا ۔ اس بارے میں ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو نے کہا کہ شہری کسی بھی شخص کو پراپرٹی کرائے پر دینے سے پہلے متعلقہ تھانے کو آگاہ کریں۔