دہشت گردوں نے سکول پر نہیں پاکستان کے تابناک مستقبل پر حملہ کیا،انجم عقیل خان،

قوم کے مستقبل کو بے دردی سے قتل کرنے والے سخت سے سخت سزا کے مسحق ہیں،سابق رکن قومی اسمبلی

اتوار 28 دسمبر 2014 16:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہاہے کہ پشاور میں دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پر نہیں پاکستان کے تابناک مستقبل پر حملہ کیا ،قوم کے مستقبل کو بے دردی سے قتل کرنے والے سخت سے سخت سزا کے مستحق ہیں،پشاور میں ہونے والی دہشت گردی انسانی تاریخ کا انتہائی دلخراش اور المناک واقع ہے جس نے انسانیت کو شرمناک کردیا اور پاکستان کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں -اپنے بیان میں انہوں نے حکومت کی جانب سے انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑنے کیلئے اس فوجی ایکشن پلان پر فی الفور عمل کیاجائے-انجم عقیل خان نے کہاکہ حکومت بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر بھی قابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور توانائی بحران سمیت تمام مسائل پر اگلے تین سالوں میں قابوپالے گی،وزیراعظم نے ہمیشہ بحرانوں کا سامنا کرکے انہیں حل کرنے کا عملی مظاہرہ کیا ہے،موجودہ بحران بھی انہی کی قیادت میں حل ہوگا-مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت کے ثمرات ہیں کہ قوم بحرانوں سے نکلنے کی راہ پر چل رہی ہے اور تمام سیاسی و ملکی قوتیں ملک کر ہر مشکل کا سامنا کرکے عظیم قوم بننے کے مشن پر گامزن ہیں وہ دن دور نہیں پاکستان اقوام عالم کی صف میں بلندی پر فائز ہوگا۔