ملک بھر میں خشک موسم جاری رہنے ،پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھندمیں شدت کا امکان
تازہ ترین : 1

ملک بھر میں خشک موسم جاری رہنے ،پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھندمیں شدت کا امکان

آئندہ چند روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں،محکمہ موسمیات

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء)ملک بھر میں جاری مسلسل خشک موسم کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت اور دورانیہ بڑھنے کا امکان ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں‘ گذشتہ روز ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم رہا اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے مسلسل خشک موسم کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت اور دورانیہ بڑھنے کی پیشینگوئی کی ہے اور ساتھ ہی یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔ شدید دھند کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ہے اور آئندہ چند روز کے دوران رات اور صبح کے اوقات میں سیالکوٹ‘ نارووال‘ گوجرانوالہ‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ اوکاڑہ‘ جھنگ‘ ملتان‘ بہاولپور‘ قصور‘ گجرات‘ راولپنڈی‘ سرگودھا‘ مظفرگڑھ‘ رحیم یار خان اور سکھر میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔

گذشتہ روز ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی 10‘ قلات‘ ہنزہ‘ گلگت میں منفی 7‘ کوئٹہ منفی 6‘ راولاکوٹ منفی 3 مری‘ ژوب‘ بونجی منفی2‘ سیدو شریف میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کے بڑے شہروں میں گذشتہ روز ریکارد کئے گئے درجہ حرارت میں اسلام آباد صفر‘ لاہور 3‘ کراچی 12‘ پشاور 3‘ مری منفی 2‘ مظفرآباد صفر‘ ملتان 6‘ فیصل آباد 2 اور حیدرآباد میں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 28/12/2014 - 15:17:47

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں