دہشت گردی کے موثر خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کا قیام ضروری تھا، افتخاراحمد وارثی

اتوار 28 دسمبر 2014 14:51

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے موثر خاتمے کیلئے آئین اور قانون کی جانب سے فراہم کردہ سہولت کے تحت فوجی عدالتوں کا قیام از بس ضروری تھا جن پر پی پی پی کی قیادت کی طرف سے ظاہر کئے جانے والے تحفظات درست نہیں ․ یہ عدالتیں دہشت گردی کے خلاف کام کریں گی جنہیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا بعید از قیاس ہے ․ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور ان کے راہنماؤں کو چائییے کہ وہ دہشت گردی کے موثر اور فوری خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور اس مقصد کیلئے بنائی جانے والی فوجی عدالتوں کو متنازعہ بنانے سے گریز کریں ․ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم اور سیاسی قیادت ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے یک جان اور یک زبان ہو کر فیصلے کرے ․ دہشت گردی نے ہمارے قومی جسم پر جو زخم لگائے ہیں وہ پوری دنیا کی تاریخ میں اتنے گہرے اور زیادہ نہیں جتنے پاکستان کے حصے میں آئے ہیں ․ امن و امان کے قیام کیلئے کسی کو حکومت کی نیت پر شک نہیں کرنا چائییے ․