نجی تعلیمی اداروں کو تعاون کی مد میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 7ارب 50کروڑ کی رقم فراہم کی گئی ‘وزیر خزانہ پنجاب

اتوار 28 دسمبر 2014 14:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ و قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے نجی تعلیمی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے جس کے لیے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 7ارب 50کروڑ کی رقم فراہم کی گئی ہے،تعلیم کے فروغ کو ترقی کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور سکول و ہائر ایجوکیشن کیلئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ یونیورسٹیوں میں فائن آرٹ و دیگر غیرنصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی تعلیمی اداروں کو تعاون اور گرانٹ فراہم کی جاتی ہے - ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ادارہ برائے فیشن و ڈیزائن کے طلبا و اساتذہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فیشن ڈیزائن ،جیولری ،فرنیچر ڈیزائننگ،پینٹگز اور فنون لطیفہ کے دیگر شعبوں میں مقابلے کرانے طلباء کی صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہیں اور فنون کی ان اقسام کی نئی جہتوں سے روشناس ہوا جاسکتا ہے ،حکومت پنجاب آرٹ او رڈیزائن کے شعبوں سمیت تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں ڈسپلن قائم رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے -انہوں نے کہا کہ برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربر نے حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور ڈیفڈ کے اشتراک سے جاری اصلاحاتی پروگرام کے باعث پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کا تناسب برطانیہ کے سکولو ں کی سطح تک پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ چیف منسٹر ریفارمز روڈ میپ کے تحت سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری 92 فیصدجبکہ جاری سہولیات اور سکولوں کی انسپکشن 96 فیصد ماہانہ یقینی بنائی گئی ہے جبکہ اس سے قبل سکولوں میں طلباء و اساتذہ کی حاضری 60 فیصد اور موجود سہولیات اور انسپکشن کی شرح 62 فیصد کے قریب تھی -

متعلقہ عنوان :