کراچی :حاجی کیمپ کے قریب ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا،

آگ لگنے سے لاکھوں روپے کی لکڑی جل کر خا کستر ہو گئی آگ پر قابو پانے میں ناکامی پر الطاف حسین کا اظہار برہمی

اتوار 28 دسمبر 2014 14:05

کراچی ‘لند ن(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) کراچی کی ٹمبرمارکیٹ میں لگی آگ پرقابو پالیاگیا۔ تفصیلا ت کے مطا بق کراچی کے پرانا حاجی کیمپ میں لکڑیوں کے ایک گودام میں رات ایک بجے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی ،جس نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قریبی رہائشی عمارتوں میں موجود لوگوں نے بمشکل اپنی جان بجائی۔آگ سے متاثرہ گودام کے قریب ایک عمارت میں دو بزرگ افراد کافی دیر تک محصور رہے جنہیں اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

تنگ گلیوں کے باعث بھی فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ایسی صورت حال میں اسنکارکل بھی کارگر ثابت نہ ہوسکی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں میں پانی ختم ہونے کیباعث ایک موقع پر امدادی کارروائی میں تعطل بھی آیا۔

(جاری ہے)

آگ لگنے کیکچھ دیر بعد علاقے کی بجلی بھی بند ہوگئی جس سے امدادی کاموں میں مشکلات کاسامنا رہا۔چیف فائر آفیسر احتشام الدین نے میڈیا سے گفت گو میں کہاکہ ٹمبر مارکیٹ کی تنگ گلیوں اورتیز ہوا کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات رہیں لیکن آگ کو محدود کردیا گیا ہے ،آگ کے نتیجے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم متاثرہ گوداموں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی۔

علاقے میں لکڑیوں کے متعدد گودام ہیں ، آگ پھیلتے ہی دیگر افراد نے اپنے گوداموں سے لکڑی اور دیگر سامان نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔۔ ادھرمتحدہ کے قائد الطاف حسین نے حاجی کیمپ میں آگ پر قابو پانے میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں آگ لگی ہوئی ہے اور وزرا دوائیاں پی کر سو رہے ہیں۔ واٹربورڈ، کے ایم سی اور سندھ حکومت کے وزراء غائب ہیں۔

اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پرانا حاجی کیمپ ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ تشویش ناک ہے۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کررہا ہے لیکن ان کے پاس گاڑیوں کی کمی ہے اور آگ بجھانے کے لیے جو انتظامات ہونے چاہئیں وہ یقیناً حکومت سندھ کے پاس نہیں ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ لگتا ہے حکومت سندھ کے وزرا نیند کی دوائیاں پی کر سو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومتی وزرا، ارباب اختیار اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے درخواست کی وہ حادثے کی جگہ پر پہنچیں۔الطاف حسین نے ریسکیو حکام سے بھی کہا کہ وہ لوگوں کو ایمرجنسی نمبر فراہم کریں تاکہ لوگ اس پر اپنی شکایات درج کراسکیں۔