ملائشیاء کا ایک اور مسافر طیارہ لاپتہ ، سرچ آپریشن شروع ، روسی ٹی وی کا خطرناک دعویٰ

اتوار 28 دسمبر 2014 11:52

ملائشیاء کا ایک اور مسافر طیارہ لاپتہ ، سرچ آپریشن شروع ، روسی ٹی وی ..

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28دسمبر 2014ء) ملائیشیاء کی نجی ایئرلائن ایئرایشیاء کا مسافر طیارہ لاپتہ ہوگیاہے جس میں مجموعی طورپر 161 افراد سوار تھے ، طیارے کے لاپتہ ہونے کے بعد سنگاپور اور انڈونیشیاء کی فضائیہ اور نیوی نے سرچ آپریشن شروع کردیاجبکہ روسی ٹی وی نے طیارہ تباہ ہونے کا دعویٰ کردیا۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ائیرایشیاٗ ء کا بدقسمت طیارہ سورابیا سے سنگاپور جاری تھا اور اُڑان بھرنے کے 42 منٹ بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا ۔

بدقسمت طیارے’ کیو زیڈ 8501 ‘میں 17بچوں ، چھ غیرملکیوں سمیت 155 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے ، مسافروں میں سے تین کا تعلق کوریا، ایک کا سنگاپور، ایک کا برطانیہ سے تھا۔ رابطہ منقطع ہونے کے بعد سنگاپورا ور انڈونیشیاء کی فضائیہ اور نیوی نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے سے قبل جہاز نے غیرمعمولی روٹ متبادل روٹ کا معلوم کیا ، اجازت مانگی جس کے بعد رابطہ منقطع ہوگیا۔

بتایاگیاہے کہ مسافر جہاز سے جس وقت رابطہ منقطع ہوا، وہ جاوا کے جزیرے بیلی ٹونگ پر سمندرکے اوپر تھا اور 32،000 فٹ بلندی پر پرواز کررہاتھا ۔ ایئرایشیاء کے مسافر طیارے کے لاپتہ ہونے کا امریکی صدر باراک اوباما نے نوٹس لے لیا ۔وائیٹ ہائوس کے ترجمان کے مطابق صدر کو طیارے کی گمشدگی سے متعلق بریفنگ دی گئی اور صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹرکررہے ہیں ، صدرمسلسل رابطے میں ہیں ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک روسی ٹی وی نے دعویٰ کیاہے کہ کچھ گھنٹے پہلے لاپتہ ہونے والے ملائیشین کمپنی کے طیارے کا ملبہ مل گیاہے،یہ ملبہ جزائر بلیٹنگ کے قریب سے ملا تاہم مزید تفصیلات موصول ہورہی ہیں اور ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ۔