محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت سے ملک کی عوام کے خواب ختم ہوچکے ہیں، ذوالفقار علی مرزا ،

حکمرانوں ،سیاستدانوں سے ان خوابوں کی تعبیر کی امید 25فیصد بھی نہیں ہے، محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:32

بدین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت سے ملک کی عوام کے خواب ختم ہوچکے ہیں، موجودہ حکمرانوں اور سیاست دانوں سے ان خوابوں کی تعبیر کی امید 25فیصد بھی نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق 27دسمبر محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے حوالے سے گذرشتہ روز مرزا فارم مورجھر میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کی جانب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ایصال ثواب کی خاطر قرآن خوانی اور خیرات کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع بدین کے اکثر لوگ شریک ہوئے ۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ کے قتل کے بعد ملک کی عوام کے خواب ختم ہوچکے ہیں اور مجھے آج کے حکمرانوں اور سیاست دانوں میں عوام کے خوابوں کی تعبیر کا پچیس فیصد حصہ بھی نظر نہیں آتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی اچھی اولاد، کوئی شہرت، کوئی عزت، کوئی غیرت، کوئی پیسہ تو کوئی تخت کی دعائیں کرتا ہے پر شہید بھٹو کو اللہ تعالیٰ نے سب عطا کی تھی جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی شامل ہیں جس نے اس ملک کی عوام کو خوش رہنا سکھایا۔

محترمہ نے عوام کی دلوں میں امیدیں جگائیں اور ان امیدوں کو پورا بھی کیا۔ جو امیدیں رہ گئیں تھیں ان کو پورا کرنے سے پہلے ان کو شہید کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی عوام ان حکمرانوں سے بالکل مایوس ہوچکی ہے اور شہید محترمہ کے بعد اگر کوئی امید کی کرن ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ کے حق میں نہیں ہوں لیکن اس وقت جو ملک کے حالات چل رہے ہیں اور جس دور سے ہمارا ملک گزر رہا ہے اس حساب سے یہ فیصلہ بالکل درست ہے اور پیپلز پارٹی کے جیالے اور اس ملک کی عوام اس فوج سے یہ امید رکھتی ہے کہ بی بی کے قاتل جن کو ابھی تک سزا نہیں ہوسکی ہے ان کو بھی سزا ہوگی اور ہماری عوام کو انصاف ملے گا۔

متعلقہ عنوان :