پاکستان پیپلز پارٹی کے پرانے کارکن ملک میں بڑی تبدیلی کیلئے امام خمینی کے منتظر ہیں،

پیپلز پارٹی کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے ملک میں کوئی قیادت نہیں، کوئی پارٹی نہیں، قیادت کا فقدان ہے کوئی قائد ہی نہیں،ہرا سائیں

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے پرانے کارکن ملک میں بڑی تبدیلی کیلئے امام خمینی کے منتظر ہیں۔ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کی یاد میں شمعیں روشن کرتے وقت پارٹی کے معمر رکن رانا اکبر المعروف ہرا سائیں نے لڑکھڑاتے اور کپکپاتے ہونے کہا کہ پیپلز پارٹی کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے ملک میں کوئی قیادت نہیں۔

کوئی پارٹی نہیں، قیادت کا فقدان ہے کوئی قائد ہی نہیں، اللہ تعالیٰ اس ملک میں امن و امان قائم رکھے، ہم صرف امن کی بھیک مانگتے ہیں جو مفادات کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ہرا سائیں کا کہنا تھا کہ پچھلے دور میں پارٹی اور کارکنوں کا ستیاناس کر دیا ان کے ساتھ کھڑے ایک کارکن نے آصف علی زرداری کا نام لیا تو ہرا سائیں نے اسے ٹوک دیا اور کہا کہ ہمیں کسی سے کوئی غرض نہیں، ہمیں صرف بھٹو صاحب سے غرض ہے ہم بھٹو صاحب کے سپاہی ہیں جب تک سانس چل رہی ہے تب تک ملک اور بھٹو صاحب کیلئے دعا کرتے رہینگے۔

(جاری ہے)

ہرا سائیں نے بتایا کہ حالات نے ان کی ریڑھی بکوا دی ہے اور لاٹھی کوئی اٹھا کر لے گیا ہے۔ اس لیے میں رینگ رینگ کر بھی بھٹو اور بی بی کیلئے کچھ فاصلہ طے کر لیتا ہوں، ہرا سائیں نے کہا کہ کچھ بڑے بڑے مجھے کہتے ہیں خرچے کیلئے دو تین سو روپے لے لو۔ بھلا میں ان کے دو تین سو روپے پر بیٹھا ہوں، میرے ساتھ میرا اللہ ہے جو سب کا رازق ہے میرا قائد بھٹو ہے، بھیک مانگنا ہم نے سیکھا ہی نہیں، ہم پارٹی سے فائدہ لینے والے نہیں، اس کے لئے قربانی دینے والے ہیں۔

متعلقہ عنوان :