کوئٹہ ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام شمولیت کی تقریب کا انعقاد،درجنوں افراد کا پشتونخوامیپ میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام پشتون باغ دوئم علاقائی یونٹ میں شمولیت کی تقریب منعقد کی گئی اس موقع پر درجنوں افراد نے پشتونخوامیپ میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ۔ شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے رکن فاروق وطن شاد ، ڈاکٹر صلاح الدین ، نعیم خان پیر علیزئی ،کونسلر خالد خان اور ڈاکٹر رمضان نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے وزراء ،اراکین اسمبلی ومشیران عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے اور بلا امتیاز عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی پر گزشتہ انتخابات میں عوام نے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہارکرکے اپنا قومی فریضہ ادا کیا اب یہ پشتونخوامیپ کے منتخب نمائندوں کا سیاسی فریضہ ہے کہ وہ عوام کو مسائل ومشکلات سے نکالنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کرکے عوام کے اعتماد پر پورا اترے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اپنے بنیادی قومی سیاسی اہداف پر قائم رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کو بھرپور انداز میں عوام کی تائید وحمایت سے آگے بڑھارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ حکومتوں نے عوامی مسائل کے حل کے بجائے کرپشن ،کمیشن ،بے قاعدگیوں اور میرٹ کی پامالی کو فروغ دیا جس کی وجہ سے ہر شعبہ زندگی زوال پذیر ہوئی اور عوام کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کیا گیا لیکن موجودہ حکومت کو یہ افتخار حاصل ہے کہ اس نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو کافی حد تک بہتر کیاہے جس کا اعتراف عوامی حلقوں نے بھی کیا ہے ۔

اور عوامی بجٹ کو عوام کیلئے خرچ کیا گیا ہے ۔ بڑے پیمانے پر اجتماعی منصوبوں پر کام کیا گیا ہے تاکہ تمام عوام بلا امتیاز ترقیاتی سکیمات سے مستعفید ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے تعلیم کے بجٹ کو 3فیصد سے بڑھا کر 25فیصد تک کرکے علمی حلقوں کے دل جیت لےئے ہیں اور نتیجہ یہ برآمد ہوا ہے کہ بڑے پیمانے پر نہ صرف نئے تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے بلکہ پرانے تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کرکے ان میں بنیادی تعلیمی سہولیات فراہم کردی گئی ہے ۔

غیر اساتذہ کیخلاف سخت کارروائیاں کی گئی ہے اور تعلیمی اداروں میں نظم وضبط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ موجودہ حکومت کو یہ افتخار حاصل ہے کہ اس نے پہلی بار صوبے میں بلا امتیاز ہزاروں طلباء وطالبات کو تعلیمی اخراجات کی مد میں تعلیمی وظائف دےئے اور نادار مریضوں کو علاج ومعالجے کیلئے امداد دی اور کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بڑے پیمانے پر سپورٹس سامان تقسیم کیا گیا اور کھیلوں فروغ کیلئے اقدامات کےئے گئے ہیں۔

عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کوششیں جاری ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں میرٹ کو لاگو کرنے اور میرٹ کے ذریعے تعیناتیاں عمل میں لانے کو ترجیح دی جارہی ہے اور محکمہ تعلیم میں پہلی بار NTSکے ذریعے اساتذہ کی تعیناتیاں عمل میں لائی جارہی ہے ۔جس کے صوبے کے تعلیمی نظام مستقبل میں انتہائی دورس اثرات مرتب ہونگے ۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں صدام خان ، لالا جان ،داد محمد ،مرا جان ،نظر جان ،بسم اللہ خان ،نیاز محمد ،ولی جان ،شیر محمد ،قاہر خان ،امین اللہ ،نعمت اللہ نورزئی ، محب اللہ ،کمال الدین ، سعد اللہ ،داد اللہ ،اعظم خان نورزئی ، محمد نعیم ،نور احمد ،عبید اللہ نورزئی شامل ہیں۔