پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ،آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد،متحرک اور فعال ہے، سید قائم علی شاہ

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر ووزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہفتہ کو گڑھی خدابخش میں شہید بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں عوام اور پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر ان سے اپنی والہانہ عقیدت کا ثبوت دیا ہے اور ان کے ملک میں حقیقی جمہوریت کے فروغ اور اسے رواں دواں رکھنے کے مشن کو پورا کرنے کیلئے تجدید عہد کیا ہے۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت سابق صدر اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور فہم و فراست پر مبنی سیاست کی بدولت ہے اور انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مفاہمتی پالیسی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں حقیقی جمہوریت کی داغ بیل ڈالی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج گڑھی خدابخش میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں اورپارٹی کے جواں قائد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری ملک کے مقبول اور ہر العزیز رہنما ہیں جن کی قیادت میں ملک ترقی کی منزلیں طے کریگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد،متحرک اور فعال ہے۔