بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی

قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی ، سیمینارز اور دیگر تقریبات میں بینظیر بھٹو کی جمہوریت کیلئے قربانیوں پرخراج عقیدت پیش کیا گیا، پیپلز پارٹی ورکرز نے اپنے طور پر برسی کا اہتمام کیا ، پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس چوک میں شمعیں روشن کی گئیں،بھٹو خاندان کے حق میں نعرے نظریاتی کارکن بھٹو شہید اور بی بی شہید کے فلسفے کو زندہ رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘ رہنماؤں کا خطاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 21:59

بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی

لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ/آزاد کشمیر /گلگت بلتستان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) سابق وزیراعظم، پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں پارٹی ونگز کے زیر اہتمام قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کرائی گئی ۔

مختلف مقامات پر سیمینار اور دیگر تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں مرکزی و صوبائی قائدین نے شرکت کر کے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کیلئے قربانیوں پر روشنی ڈالی ۔اس سلسلہ کی مرکزی تقریب مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں منعقد ہوئی جس میں سابق صدر و پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے علاوہ دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی (ورکرز) کی طرف سے بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اپنے طور پر قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کے علاوہ دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر شمعیں روشن کی گئیں اور فاتح خوانی کی گئی ۔ اس موقع پر شہزادہ عالمگیر‘ سردار حر بخاری ‘ساجدہ میر‘ نعمان چوہدری‘ وسیم عباس سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کارکن جئے بھٹو ، کل بھی بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے ،زندہ ہے بی بی زندہ کے نعرے لگاتے رہے ۔اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن بھٹو شہید اور بی بی شہید کے فلسفے کو زندہ رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔