سرگودھا ڈی ایچ کیوٹر ہسپتال میں سہولیات کے فقدان کے باعث مزید پانچ بچے دم توڑ گئے ،صوبائی حکومت کا دوبارہ نوٹس،

بیشتر بچے کم وزن، وقت سے پہلے پیدائش اور پرائیوٹ ہسپتالوں سے تشویشناک حالت میں لائے گئے ‘ ڈاکٹرز

ہفتہ 27 دسمبر 2014 21:22

سرگودھا/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) ڈسٹرکٹ کوا رٹر ہسپتال میں سہولیات کے فقدان کے باعث مزید پانچ بچے دم توڑ گئے ،ایک ماہ کے دوران 75سے زائد بچوں کی زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے ، صوبائی حکومت نے ایک مرتبہ پھر نو ٹس لے لیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایچ کیو کے نرسری وارڈ میں گزشتہ روز مزید پانچ بچے سہولیات کے فقدان کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے ۔

ذرائع کے مطابق اس وقت بھی گنجائش سے زیادہ بچے داخل ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق بیشتر بچے کم وزن، وقت سے پہلے پیدائش اور پرائیوٹ ہسپتالوں سے تشویشناک حالت میں لائے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر شدید سردی میں ڈی ایچ کیو کا گیس کا کنکشن کاٹ دیا گیا ہے۔ڈی ایچ کیو کی نئی عمارت میں منتقلی اور خالی اسامیوں پر ڈاکٹرز کی تعیناتی کا معاملہ بھی التوا کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ طبی سہولیات کے فقدان کے حوالے سے پنجاب حکومت نے اجلاس بلائے اور حکام نے دورے اور اعلانات کئے لیکن عملاًایم ایس کو معطل کرنے کے سوا کوئی اقدام نہیں کیا۔سرگودھا ڈی ایچ کیو میں ایک ماہ کے دوران 75سے زائد بچے انتقال کر گئے ہیں۔صوبائی حکومت نے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔