ژوب، فرنٹیرکور بلوچستان کا سبکزئی ڈیم سے ملحقہ کلی گوال کیمپ میں ٹی ٹی پی کیخلاف سرچ آپریشن،فائرنگ کا تبادلہ،

گھیرے میں آنے پر شرپسند نے خود کو دھماکے سے اڑالیا،400 کلو دھماکہ خیزمواد وبھاری مقدار میں اسلحہ برآمدکرلیا گیا، طالبان غیر ملکی امدادلیکرمعصوم ،بیگناہ بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں،ملک وقوم کی سا لمیت کوداؤ پر لگارکھی ہے،میجرجنرل محمد اعجازشاہد ، ظالمان کوصوبے میں کسی کونے میں جگہ نہیں ملے گی ،بھر پور کارروائی کی جائیگی،آئی جی ایف سی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 21:15

ژوب، فرنٹیرکور بلوچستان کا سبکزئی ڈیم سے ملحقہ کلی گوال کیمپ میں ٹی ..

کو ئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) فرنٹیرکور بلوچستان نے ژوب کے علاقے سبکزئی ڈیم سے ملحقہ کلی گوال کیمپ میں ٹی ٹی پی کیخلاف سرچ آپریشن کیا جس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، گھیرے میں آنے پر خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیزمواداوراسلحہ برآمدکیا گیا جس کو حساسیت کی بناء پرموقع پر ہی تباہ کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق فرنٹیرکور بلوچستان نے ژوب میں سبکزئی ڈیم سے ملحقہ کلی گوال کیمپ میں ٹی ٹی پی کے موجودٹھکانے کیخلاف سرچ آپریشن کیا گیاجس کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میں ٹی ٹی پی کے شرپسندنے گھیرے میں آنے پر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کے خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدارمیں دھماکہ خیزمواداوراسلحہ برآمدکرلیاگیا۔

(جاری ہے)

برآمد کئے گئے سامان میں 400کلوگرام دھماکہ خیزمواد،50عددخود کش جیکٹس،60سے 70تیار شدہ آئی ای ڈیز، 3عدد راکٹ لانچرز،20 عدد پستول، 10عددایس ایم جیزاورمختلف ہتھیاروں کے30000راؤنڈز،دو عدد تیار شدہ وی بی آئی ای ڈیز گاڑیاں اورایک موٹر سائیکل شامل ہیں۔شرپسندکی لاش کو ضروری کارروائی کیلئے لیویز کے حوالے کردیاگیا۔واضح رہے کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں نے کیمپ میں اسلحے اور دھماکہ خیزمواد کی بھاری کھیپ جمع کررکھی تھی۔

ذخیرہ شدہ اسلحہ اور دھماکہ خیزموادکو ایک جامع منصوبے کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں تخریبی کارروائیوں اوردہشتگردی پھیلانے میں استعمال کیاجاناتھا۔آئی جی ایف سی میجرجنرل محمد اعجازشاہد نے ایف سی کی ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبان غیر ملکی امدادلے کرمعصوم اوربیگناہ سکول کے بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں اورملک وقوم کی سا لمیت کوداؤ پر لگارکھی ہے۔انہوں نے کہا ایسے ظالمان کوصوبے میں کسی کونے میں جگہ نہیں ملے گی اور ان کیخلاف بھر پور کارروائی کی جائیگی۔