چولستان ، موسمی کیفیات اور اس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت تیاریاں شروع ،

پانی ‘خوراک‘ میڈیسن اور دیگر اشیاء کا ذخیرہ کیا جائیگا‘ ڈی جی پی ڈی ایم اے ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 21:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ چولستان میں کسی بھی موسمی کیفیات اور اس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اس سلسلے میں چولستان ڈراوٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مشترکہ طو ر پر حکمت عملی طے کرے گی تاکہ وہاں پر رہنے والے لوگوں، جانوروں اور ماحول کو کسی بھی ناگہانی قدرتی کیفیات سے محفوظ رکھا جاسکے، محکمہ موسمیات چولستان میں ریڈار کی تنصیب کرے گا تاکہ وہاں پر موسمیاتی رپورٹ قبل از وقت حاصل کرکے لائحہ عمل تیار کرکے وہاں پر رہنے والوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔

چولستان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیدنعیم ایم ڈی، سی ڈی اے، ریاض احمد چیف میٹرولوجسٹ، شاہد زمان لک ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ ریسپانس، اطہر اشرف ڈائریکٹر ایم آئی ایس، حمید ملک پالیسی ایڈوائزر، نثار احمد ثانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ موسمیات اپنے ریڈار سسٹم سے چولستان بارے ہر قسم کی موسمیاتی معلومات فراہم کرے گا تاکہ کسی بھی کیفیات سے قبل از وقت انتظامات کئے جاسکیں اور وہاں پر رہنے والے انسانوں، جانوروں اور دیگر جانداروں کو محفوظ رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ چولستان میں پانی ،خوراک، میڈیسن اور دیگر اشیاء کا ذخیرہ کیا جائے گا تاکہ کسی بھی سنگین صورتحال میں فوری استعمال میں لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اس بارے اپنی اپنی میٹنگز منعقد کرکے اس پر ہونے والے لائحہ عمل بارے آگاہی دیں گے تاکہ مشترکہ طور پر حکمت عملی مرتب کی جاسکے۔