میٹروا بس اسٹیشنوں پر قائم ٹک شاپس پر معیاری اشیاء رکھی جائیں ‘ پارلیمانی سیکرٹری محمد نواز چوہان،

میٹروبس سے روزانہ ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد مسافر آرام دہ سفری سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں‘ گفتگو

ہفتہ 27 دسمبر 2014 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء)پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ چوہدری محمد نواز چوہان نے میٹروبس اتھارٹی کے اعلی حکام کو میٹرو اسٹیشنوں اور بسوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دینے اور اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز میٹروبس کوریڈور کے معائنہ کے دوران کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ بابر شفیع ، جنرل منیجر آپریشن محمد عزیر شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

پارلیمانی سیکرٹری نے اتفاق اسٹیشن سے سول سیکرٹریٹ اسٹیشن تک سفر کیا اور مسافروں سے اس سفری سہولت بارے استفسارکیا۔چوہدری محمد نواز چوہان نے اعلی حکام کو میٹروبس سے منسلک کمپنیوں اور فرموں کو مختلف مدات میں اب تک کئے جانے والے جرمانوں کی تفصیل پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے میٹرو اسٹیشنوں پر قائم کردہ ٹک شاپس کو بھی چیک کیا اور خورد و نوش اشیاء کے مدت معیار بھی چیک کیں۔

انہوں نے میٹروبس حکام پر زور دیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ٹک شاپس پر موجود فوڈ آئٹمزکو چیک کریں ۔ انہوں نے میٹرواسٹیشنوں پر موجود آگ بجھانے والے آلات کو بھی چیک کیا ۔پارلیمانی سیکرٹری محمد نوازچوہان کو سفر کے دوران جی ایم آپریشن محمد عزیر شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹروبس پر روزانہ ایک لاکھ 55 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں اور زیادہ رش کی صورت میں یہ تعداد ایک لاکھ 60 ہزار تک پہنچ جاتی ہے ۔

پارلیمانی سیکرٹری نے سفر کے دوران مسافروں سے میٹروبس کے بارے دریافت کیا تو مرد و خواتین مسافروں نے اس سفری سہولت پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے غریب دوست قرار دیا اور کہا کہ وہ روز نماز میں وزیر اعلی پنجاب کی طویل عمری اور صحتمندی کے لئے دعا کرتے ہیں ۔