پشاور،سینیٹر الیاس احمد بلور کا ایک بار پھر ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدوار میاں محمد ادریس کی مکمل حمایت کا اعادہ

ہفتہ 27 دسمبر 2014 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) بزنس مین فورم کے لیڈر اور ملک کے ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے ایک بار پھر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدوار میاں محمد ادریس کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے کہ بلور گروپ بزنس مین پینل کو ووٹ دیگا ۔

ایک بیان میں بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ جو لوگ ان کے حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں وہ دراصل ان کے فیڈریشن میں دوبارہ آنے سے خوف زدہ ہیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ عناصر قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر بھی یہ بات کریں تب بھی لوگ ان کی بات پر یقین نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اصولوں کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں اور جب بھی کمٹنٹ کرتے ہیں تو اس پر قائم رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بزنس مین پینل کی مخالفت کی ہے اور جب وہ فیڈریشن کے صدر بنے تو ا نہوں نے بزنس مین پینل کو فیڈریشن سے باہر نکال دیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے ایک ساتھی کی جانب سے انہیں دھوکا دینے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر فیڈریشن کی سیاست سے علیحدگی اختیار کی تھی تاہم اب چند دوستوں کے اصرار پر انہوں نے فیڈریشن کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ بزنس مین پینل کو شکست فاش ہوگی اور آئندہ انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا اور بزنس مین پینل کو ہمیشہ کیلئے فیڈریشن کی سیاست سے نکال باہر کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :