پولیس اپنے پیشہ وارانہ فرائض کا نئے سرے سے ادراک کریں ،امجد جاوید سلیمی،

منشیات اور اسلحہ میں ملوث مافیاء کا قلع قمع اوربغیر نمبرموٹرسائیکل کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنایاجائے، آر پی او ملتان کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 18:58

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) ایڈیشنل آئی جی /ریجنل پولیس آفیسر ملتان امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات اور آپریشن ضرب عضب کے ممکنہ ردعمل سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ پولیس اپنے پیشہ وارانہ فرائض کا نئے سرے سے ادراک کریں ،منشیات اور اسلحہ میں ملوث مافیاء کا قلع قمع کرنے کے ساتھ ساتھ مجرمان اشتہاری اور بلا نمبرموٹرسائیکل کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنایاجائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈی پی او آفس خانیوال میں کرائم اور امن وامان کے حوالے سے منعقد میٹنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کیے جاسکیں انہوں نے خانیوال کے چاروں سرکلز کی کارکردگی کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لیا اور کہا کہ بلانمبری اور غیر رجسٹرڈ موٹرسائیکل کو فوری طور پر تھانہ جات میں بند کریں اور جو موٹرسائیکل تھانہ پر بند کیے جائیں ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلحہ برآمدگی بارے خانیوال پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال پولیس نے دیگر اسلحہ کے علاوہ خطرناک اسلحہ (کلاشنکوف) کافی مقدار میں برآمدکیں ہیں جو ملتان رینج میں سب سے زیادہ ہیں اور میرے خیال میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال کی کاوشیں خطرناک اسلحہ کی برآمدگی میں قابل تقلید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مہم کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے بڑے بڑے مگرمچھوں کو پکڑیں۔ اور میرے نوٹس میں یہ بات نہ آئے کہ کسی بھی تھانہ کے علاقہ میں منشیات کا دہندہ ہورہا ہے ورنہ ایسے ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریجنل پولیس آفیسر ملتان نے مجرما ن اشتہاری کی گرفتاری کے بارہ میں خانیوال پولیس کی کارکردگی خوش آئندقرار دیتے ہوکہا کہ کیٹگری "A" کے مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کیلئے بھی خصوصی پلان ترتیب دیں ۔

انہوں نے کہا کہ خانیوا ل پو لیس نے سال رواں میں 66گینگ کو گرفتار کیا ہے جو کہ ایک قابل ستائش کارکردگی ہے اور اس سے عوام الناس کو انصاف میسر آیا ہے تاہم یہ جذبہ جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی سیکورٹی صورت حال اور پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی فول پروف سیکورٹی بھی ضروری ہے ا س تناظر میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال نے ریجنل پولیس آفیسر ملتان کو بتلایا کہ ضلع خانیوال میں کل 1852سکول ہیں جن میں 600پرائیویٹ اور 1252سرکاری سکول ہیں ان تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کرکے سیکورٹی ڈیوٹی تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو میٹنگ کے دوران کہا ہے کہ اپنے اپنے سکول کیلئے سیکورٹی گارڈ حاصل کرکے ان کو اسلحہ بھی فراہم کیاجائے اور اہم تعلیمی اداروں پر کوئیک رسپانس فورس یعنی ایلیٹ کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ہیں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان پر سیکورٹی کے بارہ میں حکومتی پالیسی بھی واضح کردی گئی ہے۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ملتان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال کو کہا کہ احساس تعلیمی اداروں پر سیکورٹی کیلئے مسلح موٹرسائیکل اسکارڈ بھی تعینات کیے جائیں تاکہ ان کی سیکورٹی مزید موثر بنائی جاسکے اور تعلیمی اداروں میں لوگوں کی نقل وحرکت چیک کرنے کیلئے CCTVکیمرہ جات بھی لگوائیں جائیں۔ ریجنل پولیس آفیسر ملتان نے مزید کہا کہ تمام سرکل آفیسر اپنے اپنے علاقوں میں ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس کے ساتھ ملکر جنرل ہولڈاپ کریں اور بلانمبری ، غیر رجسٹرڈ اور مشکوک گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریں۔

بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر ملتان نے پولیس لائن خانیوال میں ملازمین کیلئے بنائے گئے جدید سہولتوں سے آراستہ میس ہال کا ملاحظہ کیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔

متعلقہ عنوان :