محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے یکم جنوری سے نا دہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 17:42

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے یکم جنوری سے نا دہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ،31دسمبر تک واجبات کی ادائیگی نہ کرنے والے پراپرٹی ٹیکس ، پروفیشنل ٹیکس ، موٹر وہیکل ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کی طرف سے نا دہندگان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ 31دسمبر تک اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی کر دیں بصورت دیگر بلاامتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور سرکاری واجبات کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی وصول کیا جائیگا ۔

ذرائع کے مطابق محکمے کا کہنا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی جائیدادیں سربمہر کرنے کے علاوہ ان کی قرقی و نیلامی کیلئے بھی کاروائی شروع کر دی جائے گی جبکہ موٹر وہیکل ٹیکس اد انہ کرنے والوں کی گاڑیاں بحق سرکار قبضہ میں لے لی جائیں گی اور نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں گرفتار کرنے سے بھی گریز نہیں کیاجائیگا۔اس سلسلہ میں حتمی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔